بچوں کے جنسی استحصال کے واقعات میں اضافہ

   

برلن : جرمنی میں گزشتہ برس بچوں اور نوجوانوں کے جنسی استحصال کے واقعات کی تعداد میں سالانہ بنیادوں پر واضح اضافہ ہوا ہے۔ یہ بات جرائم کی تحقیقات کرنے والے وفاقی جرمن دفتر بی کے اے کی جاری کردہ ایک رپورٹ میں بتائی گئی ہے۔ جرمن دارالحکومت برلن میں جاری ہونے والی اس پولیس رپورٹ میں یہ خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ اس قسم کے جرائم کی اصل تعداد رپورٹ ہونے والے واقعات سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔ 2023 میں بچوں کے جنسی استحصال کے 16,375واقعات رپورٹ ہوئے۔ یہ تعداد سن 2022 کے مقابلہ5.5 فیصد زیادہ بنتی ہے۔ اسی عرصہ میں نوجوانوں کے خلاف جنسی جرائم کے 1200 واقعات ریکارڈ کیے گئے۔ جرمن حکام کو بین الاقوامی تعاون کے ذریعہ بیرون ملک تحقیقاتی اداروں سے بھی ایسے واقعات، جن میں بچوں کے جنسی استحصال کی تصویر کشی بھی شامل ہے، کے حوالے سے معلومات موصول ہوئیں۔ اسی وجہ سے ایسے واقعات کی شرح میں 7.4 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور یہ تعداد بڑھ کر 45,000 تک جا پہنچی۔ پولیس رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ حالیہ برسوں میں زیادہ جرائم والے علاقوں میں پولیس کی سرگرمیاں تیز کر دی گئیں ہیں۔