بچوں کے کارناموں سے امنگ و توانائی

   

قومی ایوارڈ یافتہ طلبہ سے وزیر اعظم نریندر مودی کی گفتگو
نئی دہلی۔24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وزیر اعظم نریندر مودی نے مختلف زمروں میں قومی ایوارڈس جیتنے والے بچوں کے نمایاں کارناموں کی بھرپور ستائش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان (بچوں) کو ملنے والی ان کامیابیوں کی مثالوں سے ہی امنگ و توانائی حاصل کرتے ہیں۔ پردھان منتری بال پرسکار جیتنے والے طلبہ سے وزیراعظم مودی نے جمعہ کو اپنی رہائش گاہ پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سماج، ملک و قوم کے تئیں بچوں میں اپنے فرائض و ذمہداریوں کے بارے میں پائے جانے والے شعور کو دیکھ کر انہیں فخر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ دیر قبل جب میں آپ سے تعارف کروارہا تھا، مجھے کافی حیرت ہورہی تھی جس طریقہ سے آپ نے مختلف شعبوں میں محنت کی ہے۔ اس کم عمری میں جو کام کیا ہے وہ واقعی حیرت انگیز ہے۔ مودی نے مزید کہا کہ میں جب کبھی بھی آپ سب کمسن ساتھیوں کے ہمت و جرأت پر مبنی کارناموں کے بارے میں سنتا ہوں تو خود مجھے بھی اس سے ایک امنگ اور ایک توانائی ہوتی ہے۔