بچپن سے بڑھنے والے غصہ نے بیٹے کو ماں کا قاتل بنادیا

   

ممبئی: بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ وینا کپورکے بیٹے سچن کپور جس نے 6 دسمبرکو اپنی ماں کو بیدردی سے قتل کر دیا تھا، انکشاف کیا کہ اس کے اور اس کی والدہ کے درمیان آخرکیا چل رہا تھا کہ اس نے انتہائی قدم اٹھاتے ہوئے اپنی ماں کا قتل کردیا۔ سچن جوہو میں پیشے سے ایک ٹیوٹر ہے۔ اس نے پولیس کو بتایا کہ وہ بچپن سے ہی اپنی ماں سے ناراض رہتا تھاکیونکہ دونوں کے تعلقات ہمیشہ سرد رہے ہیں۔ اس نے بتایا کہ اس کی ماں ہمیشہ اسے منحوس کہتی تھی۔ سچن نے مزید بتایا کہ اس کی ماں وینا اسے ہمیشہ منحوس سمجھتی رہی کیونکہ جس دن اس کی پیدائش ہوئی تھی، اس دن اس کے والد کو بزنس میں بہت بڑا نقصان ہوا تھا۔ پوچھ گچھ میں سچن نے انکشاف کیا کہ بیٹے اور ماں کے درمیان کبھی اچھے تعلقات نہیں رہے اور وینا نے ہمیشہ اپنے بڑے بیٹے کو اس پر ترجیح دی۔ اس نے اعتراف کیا کہ اس کے ساتھ ہمیشہ سوتیلے بیٹے جیسا سلوک کیا گیا اور ماں کے خلاف اس کے دل میں نفرت بچپن سے ہی بڑھ رہی تھی۔ ایک رپورٹ کے مطابق سچن نے پولیس کے سامنے اعتراف کیا کہ اگرچہ گرما گرم بحث اور تلخ بات چیت کے نتیجہ میں اس نے اس گھناؤنے جرم کا ارتکاب کیا، لیکن اس کی ماں کے خلاف اس کا غصہ کچھ ایسا تھا جو بچپن سے ہی بڑھتا چلا آ رہا تھا۔ سچن سے بات کرنے والے پولیس افسر نے کہا کہ اسے اس قتل پر افسوس ہے، لیکن سچن کو ہمیشہ یہ خدشہ لاحق تھا کہ جلد یا بہ دیر اس کے ہاتھوں ماں کا قتل ہوگا۔ آخر کار برسوں کے ڈپریشن اور تناؤ کے نتیجہ میں اس نے اپنی ماں کو مارڈالا۔