بچکندہ میں غیر قانونی ساہوکاروں کے خلاف پولیس کی بڑی کارروائی

   

دستاویزات ضبط ، مقدمہ درج، عوام کے حقوق کے تحفظ کیلئے پولیس کوشاں

بچکندہ 27 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع کاماریڈی کے بچکندہ میں غیر قانونی ساہوکاروں کے خلاف پولیس نے سخت کارروائی کرتے ہوئے کئی اہم دستاویزات ضبط کرلیں۔ قابلِ اعتماد ذرائع سے ملنے والی معلومات کی بنیاد پر ضلع ایس پی کی ہدایت پر بچکندہ سب انسپکٹر کی قیادت میں پولیس ٹیم نے تین ساہوکاروں کے مکانات پر چھاپے مارے۔ تفصیلات کے مطابق، سری رام ویر کمار ولد بالیا، پڑیگل لکشمن ولد ویرایا، اور این ایم واری اشوک ولد کشٹیا (تمام رہائشیان بچکندہ) بھاری سود پر قرض دے کر غریب عوام کا استحصال کررہے تھے۔ پولیس کو اطلاعات موصول ہوئیں کہ یہ افراد لوگوں سے پرومسری نوٹس اور رجسٹریشن دستاویزات کے ذریعے قرض فراہم کرتے ہوئے بھاری سود وصول کر رہے تھے، جس کے سبب کئی افراد مالی مشکلات میں مبتلا ہوگئے تھے۔ پولیس نے تینوں ساہوکاروں کے گھروں پر اچانک چھاپہ مارا اور وہاں سے متعدد قرض سے متعلق دستاویزات، پرومسری نوٹس اور رجسٹری شدہ کاغذات برآمد کیے، جنہیں قانونی تحویل میں لے لیا گیا۔ پولیس نے غیر قانونی ساہو کاری اور مالی استحصال کے تحت ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ عوام کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ایسے غیر قانونی ساہوکاروں کے جھانسے میں نہ آئیں اور کسی بھی شکایت کی صورت میں فوری طور پر مقامی پولیس سے رابطہ کریں۔ بچکندہ سب انسپکٹر نے کہا کہ پولیس عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے اور ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔

یلاریڈی اور لنگم پیٹ میں فینانسروں کے مکانات پر پولیس کا دھاوا
یلاریڈی /27 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) یلاریڈی میں سود کا کاروبار کرنے والے مختلف ساہو کاروں کے مکانات پر خصوصی پولیس ٹیم نے دھاوا کرکے مقدمات درج کئے ۔ سب انسپکٹر مہیش کی تفصیلات کے مطابق یلاریڈی میں شیکھر آیا ۔ سی پرکاش ، پی سرینواس اور حاجی پور تانڈا کے اوناوت لالو کے مکانات پر دھاوا کرنے اچانک تنقیح کرکے مختلف ضروری کاغذات ضبط کرلئے اور چار سود خوروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ۔ بعد ازاں منڈل لنگم پیٹ مستقر پر بھی فینانسروں کے مکانات پر پولیس نے دھاوا کرنے تنقیح کی ۔ سرکل انسپکٹر رویندرا نائیک نے خصوصی ٹیم کے ساتھ دھاوا کرکے مزید بتایا کہ گذشتہ سال بھی تین سود خور تاجروں کے مکانات پر دھاوا کیا گیا تھا ۔ اس مرتبہ بھی ضلع ایس پی راجیش چندرا کے احکام پر سود کا کاروبار کرنے والے فینانسروں کے مکانات پر دھاوا کیا جارہا ہے ۔ گذشتہ میں دھاوا کئے گئے سنتوش ، روی ، بابا کے دوکان اور مکانات میں دھاوا کیا گیا ۔ لیکن پہلے والے فینانسروں کے ہاں کوئی ضروری کاغذات ہاتھ نہ لگے ۔ صرف نئے سود خور سنتوش کے ہاں چار رجسٹری کے کاغذات اور سود دینے کے اقرار نامہ ، رجسٹری 90 ہزار روپئے نقد رقم ضبط کرلئے گئے اور سنتوش کے خلاف منی لینڈرس ایکٹ 1349 کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ۔