بچکنڈہ اردومیڈیم اسکول کے بنچس خفیہ طورپرمنتقل‘اولیائے طلباء برہم

   

ایم ای اونے تحقیقات کا اعلان کیا‘ہیڈ ماسٹرکے رویہ پرسرپرستوں کا احتجاج ‘ اسکول کو تباہ کرنے کا الزام
بچکندہ 20 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بچکندہ گورنمنٹ اردو میڈیم اسکول میں اس وقت سنسنی پھیل گئی جب اسکول کے تپائیوں (بنچز) کو منڈل ایجوکیشن آفیسر،اولیاء طلباء کے بغیر اطلاع اور بغیر اجازت ضلع کاماریڈی اڈلور اردو میڈیم ادارے کو بہ ذریعے ایچر منتقل کیا جانے لگا۔ اس غیرقانونی اقدام نے اولیاء طلباء کو مشتعل کردیا اور انہوں نے فوری طور پر ایم ای او کو اطلاع دی۔ ایم ای او موقع پر پہنچے اور ہیڈ ماسٹر رگھونندن سے وضاحت طلب کی، تاہم ہیڈ ماسٹر نے لاعلمی ظاہر کرتے ہوئے یہ ذمہ داری ڈی ای او پر ڈال دی۔اس واقعہ پر منڈل ایجوکیشن آفیسر سرنیواس نے واضح کیا کہ نہ کوئی ضلع مہتمم تعلیمات سے آرڈر دیا گیا اور نہ ہی کسی سطح پر ایم ای او یا اسکول کمیٹی کو کوئی ہدایت دی گئی۔ ایم ای او نے اس واقعہ پر سخت برہمی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ غیر قانونی اور انتہائی سنگین معاملہ ہے، اس کی مکمل تحقیقات ہوگی اور رپورٹ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کو روانہ کی جائے گی تاکہ ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی کی جا سکے۔ادھر مقامی عوام اور والدین نے ہیڈ ماسٹر رگھونندن کے خلاف کھل کر آواز بلند کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہیڈ ماسٹر مسلسل اس قسم کی بدعنوانیوں میں ملوث ہیں، جن کے نتیجے میں اسکول تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے۔ والدین نے کہا کہ اگر فوری طور پر ہیڈ ماسٹر پر قانونی کاروائی نہیں گیا تو وہ بڑے پیمانے پر احتجاج کریں گے۔ اولیائے طلبہ اور ذمہ داران نے اس واقعے پر شدید برہمی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس واقعے میں ملوث افراد پر قانونی کاروائی کرنے کا متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا۔اس موقع پر اسکول مینجمنٹ کمیٹی سابقہ صدر شیخ حسین،مسجد عابدین صدر غلام احمد،یوسف چاؤش،علاؤ الدین کے علاوہ دیگر اولیاء طلبہ موجود تھے۔