بچکنڈہ بلدیہ انتخابات میں کانگریس کو 10 نشستیں

   

بچکنڈہ ۔ 13 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) پچکندہ مونسپل انتخابات کے نتائج میں مجموعی طور پر 12 امیدوار کامیاب قرار پائے جن میں سے 10 امیدوار کانگریس سے وابستہ ہیں جبکہ 2 امیدوار بی آر ایس سے کامیاب ہوئے۔ رائے شماری کے بعد ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے باضابطہ اعلان ہوتے ہی پارٹی کارکنوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور مختلف مقامات پر مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔ اس مرتبہ انتخابات میں عوام کی بھرپور شرکت دیکھنے میں آئی اور ووٹروں نے بلدی مسائل، ترقیاتی کاموں اور بنیادی سہولتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنا فیصلہ سنایا۔ سیاسی حلقوں کے مطابق 12 میں سے 10 نشستوں کی کامیابی ایک بڑی برتری مانی جا رہی ہے جبکہ دو نشستوں پر کامیابی حاصل کرنے والے امیدواروں نے بھی سخت مقابلہ کیا۔ بلدیہ کی آئندہ تشکیل، چیئرمین اور وائس چیئرمین کے انتخاب کے حوالے سے سیاسی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں اور مختلف سطحوں پر مشاورت جاری ہے۔ نومنتخب نمائندوں نے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ پانی، سڑک، صفائی اور اسٹریٹ لائٹس جیسے بنیادی مسائل کے حل کو اولین ترجیح دیں گے اور پچکندہ کی ترقی کے لیے سنجیدگی سے اقدامات کریں گے۔