بچکنڈہ میں منفرد پکوان میلہ ، روایتی و جدید کھانوں کی جھلک

   

جامعہ خیرالنساء للبنات کی طالبات کا قابل تحسین مظاہرہ ، حاضرین کی توجہ کا مرکز
بچکنڈہ۔26 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جامعہ خیرالنساء للبنات بچکنڈہ میں ایک یادگار پکوان میلے کا انعقاد عمل میں آیا جس میں طالبات نے اپنی خداداد صلاحیتوں، ذوقِ لطیف اور ہنرمندی کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے مختلف اقسام کے لذیذ و منفرد پکوان تیار کیے۔ اس موقع پر جامعہ کا پورا ماحول خوش ذائقہ پکوانوں کی دلکش خوشبو سے مہک اٹھا۔ طالبات نے نہایت سلیقہ اور خوبصورتی کے ساتھ اپنے اسٹال سجائے جن میں روایتی و جدید کھانوں کی جھلک نمایاں تھی۔ بریانی، حلیم، چکن پکوڑے، سموسے، میٹھے پکوان، کباب اور دیگر لذیذ و دلکش کھانے حاضرین کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔ ہر طالبہ نے اپنی محنت، ذوق اور لگن سے اپنے ہنر کا ایسا مظاہرہ کیا کہ دیکھنے والے داد دیے بغیر نہ رہ سکے۔ پروگرام میں علمائے کرام، حفاظِ کرام، سیاسی و سماجی قائدین، خواتین اور عوام کی کثیر تعداد شریک رہی۔ مہمانانِ گرامی نے طالبات کی محنت و کاوشوں کو سراہتے ہوئے جامعہ خیرالنساء کی تعلیمی و تربیتی خدمات کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ اس طرح کے ثقافتی و عملی پروگرام طالبات میں خوداعتمادی، تخلیقی صلاحیت اور عملی ہنر کو فروغ دیتے ہیں۔ آخر میں جامعہ کے انتظامیہ نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس کامیاب پروگرام کے انعقاد میں اساتذہ اور طالبات کی انتھک محنت شامل رہی۔ اس طرح جامعہ خیرالنساء للبنات بچکنڈہ میں منعقدہ یہ پکوان میلہ کامیابی اور شاندار طریقہ کیساتھ اختتام پذیر ہوا۔