مٹ پلی /20 ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ریاست تلنگانہ کے ضلع جگتیال میں ایک آر ٹی سی بس بے قابو ہوکر الکٹرک پول سے ٹکرانے کے بعد کھیتوں میں اتر گئی ۔ یہ حادثہ ملاپور منڈل میں آج پیش آیا ۔ حادثے میں بعض مسافرین کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ مٹ پلی ڈپو کی آر ٹی سی بس مٹ پلی سے خانہ پور کی سمت جارہی تھی کہ موگلی پیٹ اور بوبلا پورم مواضعات کے درمیان ہائی وے پر بس مخالف سمت سے آنے والی بولیرو گاڑی کو بچانے کی کوشش میں الکٹرک پول سے ٹکرا گئی اور اس کے بعد بس سڑک سے اتر گئی ۔جس وقت یہ حادثہ پیش آیا اس وقت برقی سربراہی بند تھی جس کی وجہ سے ایک بڑا حادثہ ٹل گیا ۔ بس میں 30 مسافرین سوار تھے جن میں سے 10 کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں ۔ انہیں علاج کیلئے مٹ پلی گورنمنٹ ہاسپٹل منتقل کردیا گیا ۔