بڑا حادثہ ٹل گیا ، کاغذنگر میں پُل منہدم ، 42 گاؤں کے راستے منقطع

   

کاغذنگر /19 اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) تلنگانہ کے آصف آباد ضلع کے کاغذنگر منڈل میں انداویلی کے قریب ایک پل منہدم ہوگیا ۔ پل کے خستہ حالت دیکھ کر ٹریفک پہلے ہی روک دی گئی تھی ۔ جس سے بڑا حادثہ ٹل گیا ۔ پداواگو تالاب میں پانی کی مقدار بڑھنے کی وجہ سے پل کے پلرس متاثر ہوئے تھے ۔ حال ہی میں تازہ بارشوں کی وجہ سے یہ پل گرگیا ۔ جس کی وجہ سے 42 دیہات میں ٹریفک کی آمد و رفت ٹھپ ہوگئی ہے ۔ اطلاع ملنے پر کاغذنگر پولیس موقع پر پہونچ گئی اور ٹریفک کو مکمل طور پر روک دیا ۔ مقامی تحصیلدار ایم پی ڈی او پل پر پہونچے اور دیوار کی تعمیر کیلئے اقدامات کئے ۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ پلر پانی میں ڈوبنے کی وجہ سے پل منہدم ہوگیا۔ پل میں کل 10 پلرس اور 11 سلیب ہیں ۔ ایم ایل اے کونیرو کونپا نے منہدم پل کا معائنہ کیا ۔ واضح رہے کہ دہیگام مین روڈ پر واقع اندواولی پل کی مرمت کیلئے 2 کروڑ 90 لاکھ روپئے کی منطوری دی گئی ہے ۔ لیکن کام اب تک شروع نہیں ہوا ۔