ممبئی۔16 اگست (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے ہندوستان میں بڑھتی ہوئی آبادی کے حوالے سے کئے گئے خطاب پر تبصرہ کرتے ہوئے شیوسینا قائد سنجے راوت نے آج کہا کہ وہ نریندر مودی کے بیان کی مکمل طور پر حمایت کرتے ہیں۔ چوں کہ آنجہانی بال ٹھاکرے ہمیشہ ملک میں بڑھتی آبادی کو کنٹرول کرنے کی وکالت کیا کرتے تھے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز یوم آزادی کے موقع پر مودی نے ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی مختلف مشکلات پیدا کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا تھا کہ چھوٹی فیملی رکھنا دیش بھکتی کی علامت ہے۔ ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے شیوسینا ای پی اورپارٹی ترجامان سنجے راوت نے مزید کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ وزیراعظم شیوسینا کی پالیسی کو روبہ عمل لارہے ہیں۔ یہ وہی پالیسی ہے کہ جس کے بارے میں آنجہانی بال ٹھاکرے بڑھتی ہوئی آبادی کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے کیا کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی اے گورنمنٹ شیوسینا کے پالیسیوں کی حمایت کرتی رہی ہے چوں کہ یہ قومی مفاد میں ہے۔ راوت نے مزید کہا کہ طلاق ثلاثہ کے حوالے سے کی جانے والی قانون سازی ملک میں یکساں سیول کوڈ کی جانب پیشرفت ہے۔ ادھو ٹھاکرے بھی واضح طور پر کہا ہے کہ جب بات قومی مفاد کی ہو تو درمیان میں مذہب نہیں لانا چاہئے۔ آرٹیکل 370 کے منسوخی کی تائید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آخر ایک ریاست کو مرکز سے زیادہ اختیار کیسے دیا جاسکتا ہے۔