وزیر اعظم مودی پر پرینکا گاندھی وڈرا کا طنز ۔ دہلی میں انتخابی ریلی سے خطاب
نئی دہلی 4 فبروری ( سیاست ڈآٹ کام ) کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی واڈرا نے آج روزگار میں کمی کے مسئلہ پر وزیر اعظم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور شاہین باغ سے متعلق ان کے اتفاق یا تجربہ سے متعلق ریمارکس پر طنز کیا ۔ پرینکا گاندھی نے سوال کیا کہ بیروزگاری میں اضافہ محض اتفاق ہے یا پھر وزیر اعظم کا تجربہ ہے ۔ نریندر مودی نے کل دہلی میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ شہریت ترمیمی قانون کے خلاف شاہین باغ میں جو احتجاج ہو رہا ہے وہ محض اتفاق نہیں بلکہ تجربہ ہے اور ایک سیاسی سازش ہے تاکہ ملک کی یکجہتی کو تباہ کیا جائے ۔ وزیر اعظم کو نشانہ بناتے ہوئے پرینکا گاندھی نے کہا کہ حال ہی میں ایک رپورٹ سامنے آئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ پانچ سال کے دوران 3.5 کروڑ ملازمتیں گھٹ گئی ہیں اور ان کا سات اہم شعبہ جات سے تعلق ہے ۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ جب وزیر اعظم آپ کے سامنے آئے اور تقریر کی تو انہوں نے اس مسئلہ پر ایک لفظ تک نہیں کہا ۔ کیا وہ کہہ سکتے ہیں کہ آیا ملازمتوں کا گھٹنا محض اتفاق ہے یا ان کا تجربہ ہے ۔ کیا و ہ بتا سکتے ہیں کہ گذشتہ 35 سال میں اب ملازمتیں سب سے کم کیوں ہوگئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیا یہ اتفاق ہے یا ان کا تجربہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور عام آدمی پارٹی کے قائدین اپنی اپنی مدح سرائی میں مصروف ہیں لیکن وہ عوام سے تعلق رکھنے والے مسائل پر بات نہیں کر رہے ہیں۔ مودی کو نشانہ بناتے ہوئے پرینکا گاندھی نے کہا کہ وزیر اعظم کہتے ہیں کہ اپوزیشن انہیں کام کرنے کی اجازت نہیں دے رہی ہے اس کے باوجود وہ تیز رفتار سے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ سرکاری کمپنیوں کو تیزی سے فروخت کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے ایل آئی سی بیچ دی ‘ بی پی سی ایل بیچ دی ‘ ائر انڈیا بیجا رہا ہے ‘ بی ایس این ایل بیچا جا رہا ہے اور ریلویز کو بھی فروخت کرنے کی منصوبہ بندی ہو رہی ہے ۔ حقیقت میں یہ ایک تیز رفتار کام ہے ۔ کانگریس حکومت نے ملک میں 14 کروڑ لوگوں کو غربت سے باہر نکالا تھا اور گذشتہ پانچ سال میں بی جے پی نے عوام کو دوبارہ غربت میں ڈھکیل دیا ہے ۔ انہوں نے وزیر داخلہ امیت شاہ کے اس بیان پر بھی تنقید کی کہ دہلی کو اتر پردیش بنایا جائیگا ۔ انہو نے کہا کہ وہ یو پی یس واقف ہیں۔ وہ ایسی ریاست ہے جہاں بہت زیادہ صلاحیتیں ہیں یہ ایسی ریاست ہے جسے بی جے پی حکومت نے تباہ کردیا ہے اور عوام کو ہراساں کیا جا رہا ہے ۔ یو پی میں بیروزگاری سب سے زیادہ ہے ۔ ہر دو منٹ میں ایک خاتون کی عصمت ریزی ہوتی ہے ۔ ہر 90 منٹ میں بچوں کے خلاف جرائم ہوتے ہیں۔ ہر روز 30 دلتوں پر مظالم ڈھائے جاتے ہیں۔ سب سے زیادہ قتل یو پی میں ہوتے ہیں۔