نئی دہلی12جولائی (یواین آئی) کانگریس نے الیکشن کمیشن کے ووٹر لسٹ کے اسپیشل انٹینسیو ریویژن (ایس آئی آر) کے عمل پر ایک بار پھر سوال اٹھائے ہیں اور کہا ہے کہ اگر بڑی تعداد میں رائے دہندوں کو ان سے مانگے گئے دستاویزات کی عدم موجودگی میں ووٹ دینے کے حق سے محروم رکھا جائے گا تو منصفانہ انتخابات کیسے ہوں گے ۔کانگریس لیڈر اور سپریم کورٹ کے سینئر وکیل ابھیشیک منو سنگھوی نے ہفتہ کے روز یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ اگر ایس آئی آر کے عمل کے دوران ووٹروں کی ایک بڑی تعداد ان سے مانگے گئے کاغذات کی عدم موجودگی میں ووٹ ڈالنے سے محروم رہے گی تو انتخابات کی شفافیت کیسے برقرار رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ کاغذات کی عدم موجودگی میں ووٹرز کے نام ووٹر لسٹ سے حذف کر دئیے جائیں تو انتخابات میں سب کو اپنا نمائندہ منتخب کرنے کا یکساں موقع کیسے دیا جائے گا۔ایس آئی آر کے عمل پر سپریم کورٹ میں جاری سماعت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عدالت کے موقف سے واضح ہے کہ اس معاملے میں انڈیا الائنس کی جیت ہوئی ہے ۔ الیکشن کمیشن نے کہا کہ ‘ہم ان لوگوں کے نام نہیں ہٹائیں گے جن کے نام ووٹر لسٹ میں 2003 سے پہلے ہیں، تاہم ہر وہ ووٹر جس کا نام 2003 کے بعد ووٹر لسٹ میں شامل ہوگا اسے مشکوک کیٹیگری میں ڈالا جائے گا۔مسٹر سنگھوی نے کہا کہ 2003 کے بعد ووٹر لسٹ میں شامل کیے گئے لوگوں کو تین زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے ۔ ان لوگوں کو کچھ دستاویزات فراہم کرنے ہوں گے ، تب ہی وہ ووٹر رہ سکیں گے ۔
جرائم کے معاملے میں ملک میں بہار دوسرے نمبر پر: کانگریس
پٹنہ 12جولائی (یو این آئی) کانگریس کی قومی ترجمان سپریہ شرینیٹ نے آج بہار میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کی سخت مذمت کی اور دعویٰ کیا کہ ریاست جرائم کی شرح کے معاملے میں ملک میں دوسرے نمبر پر ہے ۔یہاں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے محترمہ شرینیٹ نے کہا کہ بہار میں مجرموں کو اب قانون کا خوف نہیں ہے جبکہ ایماندار شہری بالخصوص تاجر مسلسل خطرے میں رہ رہے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بہار میں جرائم بڑھ رہے ہیں اور ریاست میں ہونے والی ہلاکتوں سے پورا ملک ہل گیا ہے ۔ خواتین، بچے اور یہاں تک کہ تاجر بھی محفوظ نہیں ہیں۔کانگریس لیڈر نے کہا کہ موجودہ حالات میں کوئی بھی سرمایہ کار اس ریاست میں دلچسپی نہیں دکھائے گا جہاں تاجروں کو سرعام گولی مار کر ہلاک کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی کو یقینی بنانے کے بجائے حکومت شہریوں سے اپنی شناخت ثابت کرنے اور سرٹیفکیٹ دکھانے کے لیے قطاروں میں کھڑے ہونے کو کہہ رہی ہے ۔شریمتی شرینیٹ نے کہا کہ قتل اور اقدام قتل کے معاملات میں بہار اب ملک میں دوسرے نمبر پر ہے۔