بالی ووڈ اداکار سلمان خان کو جان سے مارنے کی دھمکی ملی ہے۔ یہ دھمکی سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کے ذریعہ دی گئی ہے۔ اس پوسٹ کے وائرل ہونے کے بعد پولیس حرکت میں آئی۔ حالانکہ، چونکانے والی بات یہ رہی کہ ملزم کو پولیس نے گاڑی چوری کرتے ہوئے پکڑا تب انکشاف ہوا کہ یہ وہی ہے جس نے سلمان خان کو جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی۔ ملزم کی شناخت جیکی بشنوئی کے طور پر ہوئی ہے۔
ملزم جیکی بشنوئی نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ ڈالی تھی۔ اس میں اس نے سلمان خان کو دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ اسے اس کے گناہوں کے لئے عدالت کیا سزا دے گی، میں اس کی جان لے لوں گا، اس کو سزا میں دوں گا۔ جیکی نے جیسے یہ پوسٹ ڈالی سوشل میڈیا پر یہ وائرل ہو گئی۔ یہ پوسٹ اس نے کالا ہرن شکار معاملہ کو لے کر ڈالی تھی۔ پولیس نے بتایا کہ ملزم نے تشہیر کے لئے یہ پوسٹ ڈالی تھی۔
پولیس نے دو ملزمان کو مشتبہ مانتے ہوئے کچھ دنوں پہلے چیکنگ کے دوران روکا تھا۔ وہ دونوں ایک لگزری کار میں سوار تھے۔ پوچھ گچھ میں پتہ چلا کہ کار چوری کی ہے اور دونوں ہی نشہ آور اشیا کی اسمگلنگ کرتے ہیں۔ اس کے لئے گاڑیوں کی چوری بھی کرتے ہیں۔ جب پولیس نے گہرائی سے جانچ کی تو سامنے آیا کہ دونوں میں سے ایک ملزم جیکی وہی ہے جس نے سلمان خان کو سوشل میڈیا پر جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی۔