بڑی خبر ! مہنگائی کے ساتھ ماہ ستمبر کی شروعات ، رسوئی گیس اور سی این جی ہوئی مہنگی ، جانیں نئی قیمتیں

,

   

ستمبر کا مہینہ ستمگر ثابت ہو رہا ہے، ستمبر مہینے کی شروعات مہنگائی کے ساتھ ہوئی ہے ۔ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے یکم ستمبر سے جہاں بغیر سبسڈی والے رسوئی گیس سلینڈر کی قیمت 16 روپے تک بڑھا دی ہے ، وہیں دوسری طرف اندرپرستھ گیس لمیٹڈ ( آئی جی ایل ) نے سی این جی کی قیمت میں 50 سے 55 پیسے فی کلو کا اضافہ کیا ہے ۔

ملک کی سب سے بڑی آئل مارکیٹنگ کمپنی انڈین آئل کارپوریشن کی ویب سائٹ کے مطابق راجدھانی دہلی میں آج سے بغیر سبسڈی والے 14.2 کلو گرام کا رسوئی گیس سلینڈر 590 روپے کا ملے گا ۔ اگست میں اس کی قیمت 574 روپے تھی ۔ وہیں اب کولکاتہ میں سلینڈر 601 روپے کی بجائے 616.50 روپے ، ممبئی میں 546.50 کی بجائے 562 روپے اور چنئی میں 590.50 کی بجائے 606.50 روپے میں ملے گا ۔ علاوہ ازیں 19 کلو گرام کے سلینڈر کی قیمت دہلی میں 1054.50 روپے ، کولکاتہ میں 1114.50 روپے ، ممبئی میں 1008.50 روپے اور چنئی میں 1174.50 روپے ہوگئی ہے۔

وہیں دہلی این سی آر میں آئی جی ایل نے سی این جی کے داموں میں اضافہ کیا ہے ۔ آئی جی ایل نے دہلی این سی آر ، نوئیڈا ، غازی آباد اور گروگرام میں سی این جی کے داموں میں اضافہ کیا ہے ۔ دہلی ، ریواڑی ، گروگرام اور کرنال میں 50 پیسے تو نوئیڈا ، گریٹر نوئیڈا اور غازی آباد میں سی این جی 55 پیسے مہنگی ہوگئی ہے ۔ اضافہ کے بعد دہلی میں سی این جی 47.10 روپے فی کلو تو نوئیڈا ، گریٹر نوئیڈا اور غازی آباد میں 53.50 روپے فی کلو ملے گی۔