خصوصی مہم کے ذریعہ 100 کروڑ کی وصولی، گھریلو صارفین سے 188 کروڑ وصول طلب
حیدرآباد۔ 15 جولائی (سیاست نیوز) سدرن پاور ڈسٹریبیوشن کمپنی لمیٹیڈ نے برقی بلز کے بقایاجات کی وصولی کے سلسلہ میں خصوصی اقدامات شروع کئے ہیں۔ کمپنی کی جانب سے ہائی ٹنشن کنکشن رکھنے والے اداروں اور کمپنیوں کے روبرو نوٹس چسپاں کی گئی جس پر برقی بقایاجات کی تفصیلات درج کی گئی ہیں۔ صدر نشین و منیجنگ ڈائرکٹر مشرف فاروقی نے کہا کہ طویل عرصہ سے برقی بقایاجات کی عدم ادائیگی کے سبب یہ فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ 728 کمپنیوں کی جانب سے برقی کے بقایاجات ادا نہیں کئے گئے اور ان کے مجموعی بقایاجات 600 کروڑ ہیں۔ متعلقہ کمپنیوں کے ذمہ داروں سے بارہا ربط پیدا کرنے کی کوشش کی گئی لیکن کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا جس کے بعد کمپنی نے کمپنی کے باہر نوٹس چسپاں کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لو ٹنشن کنکشن سے متعلق 9.19 لاکھ بلز کی ادائیگی باقی ہے جس کے تحت بقایا جات 188 کروڑ ہوتے ہیں۔ کمپنی نے ایچ ٹی کنکشن رکھنے والے اداروں سے بقایا جات کی وصولی کی مہم کے دوران تقریباً 100 کروڑ روپے حاصل کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھاری برقی بقایاجات کے بارے میں لاعلمی کے نتیجہ میں بعض افراد جائیدادیں خرید رہے ہیں۔ موجودہ قوانین کے مطابق نئے خریداروں کو بقایاجات کی مکمل ادائیگی تک برقی کنکشن فراہم نہیں کیا جائے گا۔ جائیداد کی ملکیت تبدیل ہونے کے باوجود بقایاجات کی ادائیگی لازمی رہے گی۔ مشرف فاروقی نے تمام سے اپیل کی کہ وہ جائیدادوں کی خریدی سے قبل اس بات کا جائزہ لیں کہ عمارت پر کہیں برقی بقایاجات تو نہیں۔ انہوں نے کہا کہ رجسٹریشن ڈپارٹمنٹ کو برقی بقایاجات کی تفصیلات سے واقف کیا گیا ہے۔ ضلع کلکٹرس کو بھی تفصیلات فراہم کی گئی ہیں۔ مشرف فاروقی نے کہا کہ سدرن پاور ڈسٹریبیوشن کمپنی برقی بقایاجات کی وصولی کے لئے تمام تر ضروری قانونی قدم اٹھائے گی۔ 1