نئی دہلی: حکومت نے تہواروں کے موسم کے پیش نظرملک میں پبلک سیکٹر کی 2800 سے زائد بڑی کمپنیوں کو چھوٹی صنعتوں کے واجبات ادا کرنے کی ہدایت دی ہے ،اور گزشتہ پانچ ماہ سے چھوٹے تاجروں کو 13 ہزار 400 کروڑ روپے کی ادائیگی کی گئی ہے ۔ مرکزی وزارت برائے صنعت نے پیر کو یہاں بتایا کہ بڑی کمپنیوں کو چھوٹی صنعتوں کے واجبات کی ادائیگی کے لئے ایک خط لکھا گیا ہے ۔ خط میں کہا گیا ہے کہ چھوٹی صنعتوں سے متعلق ایم ایس ایم ای ڈویلپمنٹ ایکٹ 2006 کے التزامات کے مطابق چھوٹی صنعتوں کو 45 دن کے اندر ادائیگی کرنا ضروری ہے ۔ اس کے مطابق قواعد کے تحت صنعتوں کو بھی ششماہی ریٹرن بھی جمع کرانی ہوگی ، جس میں واجبات کے بارے میں معلومات ہوں گی۔ وزارت نے اس سلسلے میں توجہ مرکوز کرنے اور ضروری کارروائی کرنے کو کہا ہے ۔ وزارت نے 2800 سے زائد پبلک سیکٹر کمپنیوں کے اعلی احکام کو ایک خط ارسال کر کے ان سے چھوٹی صنعتوں کے واجبات کی ادائیگی کے لئے کہا ہے ۔ گذشتہ ماہ وزارت نے واجبات کی ادائیگی کے لئے 500 بڑی کمپنیوں کو ایک خط بھیجا تھا۔ گزشتہ پانچ ماہ میں چھوٹی صنعتوں کو ستمبر 2020ء میں سب سے زیادہ ادائیگی کی گئی ہے ۔ اس دوران ستمبر ماہ تک خرید اور تجارت بھی سب سے زائد ہوئی ہے ۔ گزشتہ پانچ مہینوں میں صرف مرکزی پبلک سیکٹر انٹرپینورز نے ہی 13،400 کروڑ روپے سے زائد کی ادائیگی کی ہے ۔ اس میں سے 3700 کروڑ روپے صرف ستمبر کے مہینے میں ادا کئے گئے تھے ۔
