حیدرآباد۔/31اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے ڈائرکٹر جنرل ویجلینس اینڈ انفورسمنٹ کو ہدایت دی ہے کہ مختلف ہوٹلوں کی جانب سے حکومت کو لیز کے تحت 234 کروڑ روپئے ادا شدنی رقم کے معاملہ میں تحقیقات کریں۔ چیف جسٹس اجل بھویاں اور جسٹس سی وی بھاسکر ریڈی پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے کانگریس قائد بی جڈسن کی مفاد عامہ کی درخواست پر یہ ہدایت دی۔ درخواست گذار نے کہا کہ ریاست کی بڑی ہوٹلوں نے مبینہ طور پر لیز رینٹل کے تحت حکومت کو 234 کروڑ ادا نہیں کئے ہیں۔ درخواست گذار نے عوامی رقومات کی بڑی ہوٹلوں کو معافی پر سوال اٹھایا اور کہا کہ اس معاملہ میں بعض عہدیداروں کا رول ہے۔ درخواست گذار نے ہوٹلوں سے پنالٹی اور سود کے ساتھ رقم کی وصولی اور خاطی عہدیداروں کے خلاف کارروائی کی درخواست کی۔ مفاد عامہ کی درخواست کی تحقیقات کی ہدایت کے ساتھ یکسوئی کردی گئی۔ر