حیدرآباد : حلقہ اسمبلی گوشہ محل کے بی جے پی رکن اسمبلی ٹی راجہ سنگھ اور دیگر کارکنوں کو پولیس نے آج اُس وقت حراست میں لے لیا جب وہ بڑے جانوروں کے کاروبار اور اس کی منتقلی پر مکمل روک لگانے کا مطالبہ کررہے تھے ۔ راجہ سنگھ نے آج صبح ایل بی نگر علاقہ پہنچ کر اپنے حامیوں کے ساتھ اچانک احتجاج شروع کردیا جس کے نتیجہ میں اس علاقہ میں کچھ دیر کیلئے ٹریفک جام ہوگئی جس کے نتیجہ میں ٹریفک پولیس نے وہاں پہنچ کر ٹریفک کو بحال کیا ۔ راجہ سنگھ کے احتجاج کی اطلاع پر علاقہ میں پولیس فورس کو تعینات کردیا گیا تھا اور احتجاجی وہاں پر راستہ روکنے کی کوشش کررہے تھے اور حکومت کے خلاف بھی نعرے بازی کی ۔ بی جے پی رکن اسمبلی نے پولیس پر الزام عائد کیا کہ بڑے جانور کی منتقلی کے خلاف ٹھوس کارروائی نہیں کی جارہی ہے اور اسے روکنے کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں ۔ پولیس نے راجہ سنگھ اور گاؤرکھشک احتجاجیوں کو حراست میں لیکر پولیس اسٹیشن منتقل کیا اور بعد ازاں انہیں رہا کردیا گیا ۔