وزیر داخلہ سے جمیعت القریش کی شکایت، ضروری ہدایات جاری کرنے کا تیقن
حیدرآباد: جمعیت القریش حیدرآباد کے ایک وفد نے صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کی قیادت میں وزیر داخلہ محمد محمود علی اور ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل پولیس لاء اینڈ آرڈر جتیندر آئی پی ایس سے ملاقات کی۔ انہوں نے عید الاضحیٰ کے پیش نظر تاجروں کی جانب سے جانوروں کی منتقلی میں شرپسند عناصر کی جانب سے رکاوٹ کی شکایت کی۔ محمد سلیم جو جمعیت القریش کے صدر ہیں، وزیر داخلہ کو بتایا ریاست کے کئی علاقوں میں سنگ پریوار کے کارکنوںکی جانب سے جانوروں کی گاڑیوں کو روک کر پولیس کے حوالے کیا جارہا ہے ۔ تمام دستاویزات کی موجودگی کے باوجود پولیس گاڑیوں کو چھوڑنے سے انکار کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کو واضح ہدایات جاری کی جائیں کہ دستاویزات کے ساتھ آنے والی گاڑیوں کو نہ روکیں۔ انہوں نے سنگھ پریوار کے کارکنوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا جو تاجروں کو مار پیٹ اور ہراسانی میں ملوث ہیں۔ وزیر داخلہ نے جمعیت القریش کے ذمہ داروں کو یقین دلایا کہ وہ اس سلسلہ میں ڈائرکٹر جنرل پولیس اور دیگر عہدیداروں سے بات چیت کریں گے۔ جانوروں کی قانونی طور پر منتقلی میں کوئی رکاوٹ نہیں رہے گی۔ ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل جتیندر نے بھی تمام ضلع ایس پی اور کمشنرس کو ہدایات جاری کرنے کا تیقن دیا ۔ وفد میں جنرل سکریٹری منیر قریشی کے علاوہ عتیق قریشی ، یعقوب قریشی ، قاسم قریشی اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ محمد سلیم نے کہا کہ عیدالاضحیٰ سے قبل ہر سال اضلاع کی سرحدوں پر سنگھ پریوار کے عناصر بڑے جانوروں کی منتقلی میں رکاوٹ پیدا کر رہے ہیں اور پولیس کی خاموشی معنی خیز ہے۔