بڑے شہروں بشمول حیدرآباد کی جائیدادوں کی فروخت میں اضافہ متوقع

   

تاجرین کی دلچسپی سے اچھال ، پراپ ٹائیگر کمپنی کی پیش قیاسی
حیدرآباد۔17 نومبر(سیاست نیوز) ہندستان بھر کے 8 شہروں بشمول شہر حیدرآباد میں سال 2021کے اختتام تک رہائشی جائیدادوں کی فروخت میں 15تا20 فیصد اضافہ کا امکان ہے۔ امکنہ کی معاملتوں کو انجام دینے والی کمپنی پراپ ٹائیگر کی جانب سے کی جانے والی اس پیش قیاسی میں کہا گیا ہے کہ رہائشی جائیدادوں کی خریدی کیلئے بینکوں کی جانب سے فراہم کئے جانے والے کم شرح سود میں کمی اور پیشکش کے سبب خریداروں کی دلچسپی میں اضافہ ریکارڈکیا جانے لگا ہے اور شہر حیدرآباد میں متوسط اور اعلیٰ معیاری مکانات کی فروخت میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہاہے ۔ سروے اور بازار کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے کہا جا رہاہے کہ جاریہ ماہ کے دوران اور سال کے تیسرے سہ ماہی میں مکانات کی خریدی کے رجحان میں اضافہ دیکھا گیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ آئندہ دنوں کے دوران سال کے اواخر میں مکانات کی طلب میں اضافہ ہوگا ۔ حیدرآباد میں جو امکنہ جات اور فلیٹس کی فروخت دیکھی جا رہی ہے اس میں 42 فیصد ایسے امکنہ ہیں جو کہ 45لاکھ 75لاکھ کے درمیان قیمت کے حامل ہیں۔ اس کے علاوہ ایک کروڑ تا3 کروڑ کی قیمت کی جائیدادوں کا حصہ 40 فیصد ریکارڈ کیا جا رہاہے اس اعتبار سے دونوں ہی زمروں میں جائیدادوں کی خریدی کا رجحان بہتر ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔جائیدادوں کی خرید و فروخت کا جائزہ لینے والے ماہرین کا کہناہے کہ سال کے تیسرے سہ ماہی کے دوران بازار میں ریکارڈکئے گئے اچھال کے سبب جائیدادوں کی خریداری میں اضافہ ہوا ہے اور آئندہ دنوں میں اس میں مزید بہتری کی توقع کی جا رہی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ ستمبر ‘ اکٹوبر کے دوران تہواروں کے سبب بازار میں ریکارڈ کئے گئے اچھال کے بعد تاجرین کی جانب سے جائیدادوں کی خرید و فروخت میں دلچسپی کا اظہا رکئے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہاہے۔پراپ ٹائیگر کی جانب سے دیئے گئے اعداد و شمار کے متعلق وضاحت کی گئی ہے کہ یہ اعداد و شمار سال 2020کے اعداد و شمار کو نظر میں رکھتے ہوئے جاری کئے گئے ہیں جبکہ سال 2020کے دوران معیشت اور تجارت بری طرح متاثر رہی تھی۔شہر حیدرآباد کے علاوہ شہر کے نواحی علاقوں تیلا پور‘ بچو پلی‘ گنڈی پیٹ کے علاقوں میں جائیدادوںکی خرید و فروخت ہونے لگی ہے جو کہ رئیل اسٹیٹ بازار میں اچھال کی توقع کی جا رہی ہے۔ م