دبئی : کرکٹ کے مداحوں کیلئے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان مقابلہ ہمیشہ دلچسپی سے بھرپور رہا ہے اور جب ایشیا کپ جیسے کسی بڑے ایونٹ میں دونوں ٹیمیں آمنے سامنے ہوں تو شائقین کی توجہ مزید بڑھ جاتی ہے۔ ایشیا کپ 2022 میں دونوں ٹیمیں آج اتوار کو میدان پر مقابلہ کررہی ہیں ۔ دلچسپ مقابلے سے قبل حریف ٹیموں کے کھلاڑیوں کی ایک دوسرے کیلئے نیک خواہشات اور مسکراہٹوں کے تبادلوں کی ویڈیوز بھی سامنے آرہی ہیں۔ ہند۔پاک کرکٹ میچ نہ صرف دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کیلئے اعصاب کا مقابلہ ہوتا ہے بلکہ دونوں ٹیموں کے مداح بھی ایک ایک لمحہ دباؤ میں رہتے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایشیا کپ 2022 کے اہم میچ سے قبل ٹوئٹر پر پاکستانی ٹیم کے کپتان بابراعظم اور انڈین کیپٹن روہت شرما کی ویڈیو جاری کی ہے، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دونوں اسٹار بیاٹرس اسٹیڈیم میں موجود خوشگوار گفتگو میں محو ہیں۔ بابر اور روہت کو مسکراہٹوں کا تبادلہ کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ تاہم دونوں آپس میں کیا بات کر رہے ہیں واضح نہیں ہورہا ہے لیکن انہیں کہیں اردو میں بات کرتے ہوئے سنا جاسکتا ہے۔ پی سی بی نے اس سے قبل بھی ایک ویڈیو جاری کی تھی، جس میں ہندوستانی کھلاڑی پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کر رہے تھے۔ ہندوستان کے اسٹار بیاٹر ویراٹ کوہلی نے شاہین آفریدی سے ان کی انجری کے بارے میں پوچھا تو شاہین نے بھی ان کی فارم میں جلد واپسی کیلئے دعا کی۔ کوہلی نے شاہین کا شکریہ بھی ادا کیا۔ اس کے علاوہ ہندوستان کے دیگر کھلاڑیوں نے بھی گراؤنڈ میں موجود شاہین آفریدی سے ملاقات کی اور ان سے انجری کے بارے میں دریافت کیا، جن میں لیگ اسپنر یوزویندر سنگھ چاہل بھی شامل تھے۔ اس موقع پر سری لنکا کی ٹیم کے مختلف کھلاڑیوں سے ملاقات بھی دکھائی گئی جہاں وہ آپس میں تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔ ایشیا کپ کیلئے پاکستان کی تیاریوں کو اس وقت جھٹکا لگا تھا جب فاسٹ بولر شاہین آفریدی انجری کے باعث ایونٹ سے باہر ہوگئے اور ان کی جگہ نسیم شاہ کو شامل کیا گیا، جس کے بعد محمد وسیم بھی انجری کا شکار ہوئے۔ ان کے متبادل کے طور پر تجربہ کار حسن علی کو طلب کیا گیا ہے۔ ایشیا کپ T20 کرکٹ ٹورنمنٹ 2022 میں روایتی حریف ہندوستان اور پاکستان کی ٹیموں کا بڑا مقابلہ اتوار 28 اگست کو ہندوستانی وقت کے مطابق شام 7:30 بجے سے کھیلا جائے گا۔ ٹورنمنٹ کا افتتاحی مقابلہ گزشتہ شب افغانستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلا گیا، جس میں افغان ٹیم نے زبردست کامیابی درج کرائی۔ ایشیا کپ کیلئے 6 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں ہندوستان، پاکستان اور ہانگ کانگ جبکہ گروپ بی میں سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان ہیں۔