بڑے میاں تو بڑے میاں ، چھوٹے میاں سبحان اللہ

   

مشیر خان کی رانجی میں ریکارڈ ڈبل سنچری

ممبئی ۔ اس وقت ہندوستانی کرکٹ میں دو بھائیوں کی دھوم ہے اور کہا جارہا ہے کہ بڑے میاں تو بڑے میاں، چھوٹے میاں سبحان اللہ ۔ سرفراز خان اور مشیر خان کی کہانی بھی ایسی ہی ہے۔ دونوں بھائی ان دنوں ہندوستانی کرکٹ میں کمال کر رہے ہیں۔ سب بڑے بھائی سرفراز کے بارے میں جانتے ہیں کہ انہوں نے راجکوٹ ٹسٹ کی دونوں
اننگز میں کیاکیا؟ اب چھوٹے میاں مشیر خان ریکارڈ بنارہے ہیں ۔ انہوں نے رانجی ٹرافی کے کوارٹر فائنل میچ میں بڑودہ کے خلاف ڈبل سنچری بنائی ہے۔ انہوں نے یہ کارنامہ صرف 350 گیندوں میں انجام دیا ہے۔ مشیر خان نے بڑودہ کے خلاف پہلی اننگز میں 350 گیندوں کا سامنا کیا اور صرف 18 چوکوں کی مدد سے اپنی ڈبل سنچری مکمل کی۔ یعنی ان کی اننگز میں ایک چھکا بھی شامل نہیں تھا۔ جبکہ ایسا نہیں ہے کہ وہ چھکا نہیں لگا سکتا۔ مشیر بھی چھکے لگانے میں اپنے بڑے بھائی سرفراز کی طرح ہیں لیکن انہوں نے کوئی خطرناک اسٹوکس کھیلنے کے بجائے ٹیم کے بارے میں سوچا۔ مشیر ممبئی کے دوسرے نوجوان ہیں جنہوں نے رانجی ٹرافی میں ڈبل سنچری بنائی۔ مشیر کی طرف سے بنائی گئی ڈبل سنچری ان کے فرسٹ کلاس کرکٹ کیریئرکا سب سے بڑا سکور ہے۔ یہ ان کے فرسٹ کلاس کیریئر کی سب سے بڑی اننگز ہے جو صرف چوتھے میچ میں آئی۔ اس سے قبل انہوں نے 3 فرسٹ کلاس میچوں میں صرف 96 رنز بنائے تھے۔ یہ ڈبل سنچری بناکر 18 سال 362 دن کے مشیر رانجی ٹرافی میں ایسا کرنے والے ممبئی کے دوسرے نوجوان بیٹر بن گئے ہیں۔ اس معاملے میں ریکارڈ وسیم جعفر کے نام ہے جنہوں نے ممبئی کے لیے 18 سال 262 دن میں ڈبل سنچری بنائی۔ مشیرکی بڑودہ کے خلاف ڈبل سنچری نہ صرف ان کے ریکارڈ خاص کی بات تھی بلکہ جن حالات میں یہ اننگز کھیلی گئی وہ بھی اسے خاص بناتی ہیں۔ ممبئی کی ٹیم 100 رنزکے اندر پرتھوی شا، اجنکیا رہانے سمیت 4 وکٹیں کھونے کے بعد ایک وقت مشکل میں نظر آرہی تھی لیکن، مشیر نے اس صورتحال کو اپنے لیے ایک موقع کے طور پر استعمال کیا اور ڈبل سنچری اسکور کی۔