بکری چوری کے الزام میں 2 نوجوانوں کی پٹائی

   

دھواں بھی دیا گیا، منچریال میں غیر انسانی واقعہ
منچریال ۔ 3 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بکری کی چوری کا الزام عائد کرتے ہوئے ایک چرواہے اور اس کے دوست کو الٹا لٹکا کر پٹائی کی گئی اور انھیں دھواں دیا گیا۔ یہ واقعہ ریاست تلنگانہ کے ضلع منچریال کے مندامری میں پیش آیا۔ تفصیلات کے مطابق کوم راج اور اس کی بیوی سروپا انگڑی بازار علاقہ میں رہتے ہیں۔ ان کا بکریوں کا شیڈ ہے 19 سالہ تیجا نامی نوجوان ان کے گھر میں رہتے ہوئے بکریوں کی دیکھ بھال کا کام کرتا تھا۔ اس کی ماں صفائی کرمچاری بتائی گئی ہے اسے باپ نہیں ہے۔ قریب 20 دن قبل بکریوں کے مندے سے ایک بکری کی چوری ہو گئی بکریوں کے مالک کو شک ہو گیا کہ تیجا اور اس کے دوست نے بکری چوری کی ہے۔ جمعہ کے دن دونوں کو بکریوں کے شیڈ میں لا کر انہیں بے تحاشہ مارا گیا اور اس کے بعد انہیں الٹا لٹکا کر نیچے چولہا جلاتے ہوئے دھواں دیا گیا جس کی وجہ سے انہیں سانس لینے میں تکلیف ہوئی۔ حملے کے بعد ان دونوں کو چھوڑ دیا گیا پولیس نے اس واقعہ میں ملوث ملزمین کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ بعض ملزمین کو حراست میں لے کر ان سے پوچھ تاچھ کی جارہی ہے۔