بکرے اور دنبے کی آن لائن فروخت کو یقینی بنانے کی کوشش

   

Ferty9 Clinic

قربانی کے جانوروں کو گھروں تک پہنچانے کی مساعی، بکروں کے بازار پر منفی اثرات کا امکان

حیدرآباد۔4اگسٹ (سیاست نیوز) شہر میں بکرے اور دنبے موبائیل ایپلیکیشن کے ذریعہ بھی فروخت کئے جا رہے ہیں۔ جی ہاں موبائیل کے ذریعہ ہر طرح کی تجارت ممکن ہونے کے بعد اب عید الاضحی کے لئے بکرے اور دنبے کے علاوہ مینڈھے و دیگر نسلوں کے بکرے آن لائن فروخت کے لئے پیش کئے جا رہے ہیں اور کہا جا رہاہے کہ آن لائن بکروں کی مارکٹ سستی ہونے کے سبب شہریوںکا رجحان آن لائن بکروں کی خریداری کی سمت ہوگا ۔ عید الاضحی کے قریب دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے مختلف علاقوں میں بکروں کے بازار لگائے جاتے ہیں اور ان بازاروں میں شہر کے اطراف کے اضلاع کے علاوہ پڑوسی ریاستوں مہاراشٹر‘ کرناٹک‘ آندھرا پردیش سے بھی بکرے فروخت کے لئے لائے جاتے ہیں لیکن اس مرتبہ آن لائن بکروں کی فروخت کے لئے ایپلیکیشن کی تشہیر نے شہریو ںکو چونکا دیا ہے کیونکہ کسی نے تصور نہیں کیا تھابکروں کی خرید و فروخت کے لئے بھی ایپلیکیشن کا استعمال کیا جائے گا اور اس ایپلیکیشن میں بکروں کے مشاہدہ کی سہولت بھی رہے گی۔ بتایاجاتا ہے کہ آن لائن بکروں کی فروخت کے سلسلہ میں گذشتہ برس سے ہی تجربات کئے جا رہے تھے اور اس بات کی کوشش کی جا رہی تھی کہ شہر حیدرآباد میں ٹکنالوجی کے استعمال کے ذریعہ بکروں کی فروخت کو یقینی بناتے ہوئے گھر تک پہنچانے کے اقدامات کئے جائیں اور اس کوشش کے سلسلہ میں کئی تجربات کئے جا چکے ہیںلیکن کہا جا رہاہے کہ اس سال ایپلیکیشن کے ذریعہ بکروں کی فروخت تجرباتی اساس پر ہی کی جائے گی اور اگر اس میں کامیابی حاصل ہوتی ہے تو آئندہ سال بکروں کے بازار پر آن لائن بکروں کی فروخت پر بھی اثر پڑ سکتا ہے ۔ ٹیکنالوجی کے ماہرین کا کہناہے کہ اگر شہریوں کی جانب سے زیادہ بڑی تعداد میں اس سال ہی ایپلیکیشن کے ذریعہ انہیں ان کی پسند کے بکرے مل جاتے ہیں تو ایسی صورت میں اس سال ہی بکروں کے بازار پر اس کے منفی اثرات مرتب ہوں گے اور جو موقتی تاجرین بکروں کی فروخت میں سرمایہ کاری کرتے ہیں ان کو مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اسی لئے اضلاع سے جو دھنگر شہر پہنچ کراپنے بکرے فروخت کرتے ہیں انہیں راست بکروں کی فروخت کا موقع فراہم کیا جانا چاہئے کیونکہ وہ اپنے طور پر قیمت کا تعین کرتے ہیں جبکہ نوجوان جو کہ اس تجارت میں سرمایہ کاری کرتے ہیں ان کو وہ تجربہ نہیں ہوتا۔ ایپلیکیشن پر جو بکرے فروخت کے لئے پیش کئے جا رہے ہیں ان کے متعلق کہا جارہا ہے کہ یہ بکرے سال بھر اپنے خود کے فارم ہاؤز پر پرورش کے بعد فروخت کئے جا رہے ہیں اور اگر ان کی فرخت نہیں بھی ہوتی ہے تو ان کے مالکان پر کوئی منفی اثر نہیں ہوگا کیونکہ وہ ان کے پرورش کردہ جانور ہیں تو انہیں کسی بھی وقت فروخت کرسکتے ہیں۔