بکرے کے گوشت کی من مانی قیمتوں اور ناپ تول کے فرق کیخلاف کارروائی

   

10 دکانات مہربند ، عوام کو شکایت کرنے کا موقع ، میٹ کارپوریشن کی مہم

حیدرآباد۔10مئی(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کے علاوہ اطراف کے علاقوں میں بکرے کی گوشت کی من مانی قیمت کے سلسلہ میں شروع کی جانے والی مہم نے شدت اختیار کرلی ہے اور آج عہدیداروں نے راجندر نگر اور حیدرآباد میں 10 گوشت کی دکانات کو مہربند کرتے ہوئے ان کے لائسنس کی تنسیخ کا فیصلہ کیا ہے اور ان تاجرین پر بھاری جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ لاک ڈاؤن کے دوران گوشت کی من مانی قیمت کی وصولی کے سلسلہ میں موصول ہونے والی شکایات کے بعد ریاستی حکومت کی جانب سے بکرے کے گوشت کی قیمت 700 روپئے فی کیلو مقرر کی گئی ہے لیکن اس کے باوجود شہر کی کئی گوشت کی دکانات پر من مانی قیمتوں کی وصولی کا سلسلہ جاری ہے اور ان پر روک لگانے کے سلسلہ میں کوئی اقدامات نہ کئے جانے کی شکایات کے دوران آج عہدیداروں نے محکمہ پولیس اور دیگر متعلقہ محکمہ جات کے عہدیداروں کے ہمراہ شہر حیدرآباداور راجندرنگر میں موجود بکرے کے گوشت کی دکانات پر قیمتوں کا جائزلیا ۔جن دکانات پر 700 روپئے فی کیلو سے زائد قیمت پر گوشت کی فروخت عمل میں لائی جارہی تھی ان دکانات کو فوری مہر بند کرنے کے احکامات جاری کئے گئے اور ان کے خلاف جرمانہ عائد کرنے اور لائسنس کی تنسیخ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں گوشت کی قیمت من مانی طور پر وصول کئے جانے کی صورت میں شکایت کے لئے عہدیداروں نے ایک موبائیل نمبر جاری کیا اور کہا کہ اگر کسی بھی علاقہ میں گوشت کی من مانی قیمت وصول کی جا رہی ہے یا حکومت کی جانب سے طئے کی جانے والی قیمت سے زیادہ قیمت وصول کی جا رہی ہے تو شہری اس نمبر9848747788پر شکایات درج کرواسکتے ہیں ۔عہدیداروں نے بتایا کہ اس نمبر پر صرف من مانی قیمتوں کے متعلق ہی نہیں بلکہ صفائی نہ ہونے کے علاوہ ناپ تول میں کمی کی بھی شکایات کی جاسکتی ہیں ۔بتایاجاتا ہے کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے علاوہ میٹ کارپوریشن اور محکمہ پولیس کی جانب سے مشترکہ کاروائی کرتے ہوئے گوشت کی من مانی قیمتو ںکی وصولی کے خلاف مہم کے دوران اس بات کا بھی انکشاف ہوا ہے کہ غیر قانونی مسالخ میں ذبح کیا گیا گوشت بھی بازار میں فروخت کیا جا رہاہے اور ناپ تول میں کمی کی بھی شکایات موصول ہوئی ہیں اسی لئے عہدیداروں نے اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ شہریوں کو دیئے جانے والے اس دھوکہ سے محفوظ رکھنے کے لئے شکایت کا نمبر عام کیا جائے اور اگر کسی بھی شہری کی جانب سے اس نمبر پر شکایات موصول ہوتی ہیں تو محکمہ کی جانب سے فوری متعلقہ پولیس اسٹیشن کے علاوہ بلدی عہدیداروں سے رابطہ کرتے ہوئے دکاندار کے خلاف کاروائی کو یقینی بنایا جائے گا۔دونوں شہروں میں لاک ڈاؤن کے دوران گوشت کی قیمتوں میں من مانی اضافہ کے مسئلہ کو متعدد مرتبہ پیش کئے جانے کے بعد حکومت کی جانب سے بکرے کے گوشت کی قیمت کا تعین کیا گیا ہے اور تمام گوشت کے تاجرین کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس قیمت سے زیادہ قیمت وصول نہ کریں تاکہ عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔