پٹنہ 23اکتوبر (یو این آئی) بہار میں 6 نومبر کو 121 سیٹوں پر ہونے والے انتخابات کے پہلے مرحلے میں، نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے ) کے امیدوار بکسر ضلع کی تمام سیٹوں پر مہاگٹھ بندھن کے ایم ایل اے کو چیلنج کرتے ہوئے نظر آئیں گے ، دریں اثنا، بکسر حلقہ میں خاکی کے بعد کھادی کی شان بڑھانے کے لیے انتخابی میدان میں اترنے والے سابق انڈین پولیس سروس (آئی پی ایس) افسر آنند مشرا کا وقار داؤ پر لگا ہوا ہے ۔ بکسر ضلع کی چار نشستیں بکسر، ڈمراوں، برہم پور اور راجپور مہاگٹھ بندھن کے قبضے میں ہیں۔ تاریخی، مذہبی اور ثقافتی اعتبار سے اہم بکسر اسمبلی سیٹ پر اس بار بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ٹکٹ پر سابق آئی پی ایس افسر آنند مشرا میدان میں ہیں۔ مہاگٹھ بندھن سے کانگریس نے یہاں اپنے موجودہ رکن اسمبلی سنجے کمار تیوارِی پر دوبارہ اعتماد کرتے ہوئے انہیں میدان میں اتارا ہے ۔