بگرام ائیر بیس :ٹرمپ کی افغانستان کو سنگین نتائج کی دھمکی

   

واشنگٹن،21ستمبر(یو این آئی )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بگرام ائیر بیس واپس نہ کرنے پر افغانستان کو سخت الفاظ میں سنگین نتائج کی دھمکی دی ہے ۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے افغانستان کو سخت الفاظ میں دھمکی دی ہے ۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اگر طالبان بگرام ائیر بیس امریکہ کو واپس نہیں دیتے تو جنہوں نے اسے بنایا یعنی امریکا، تو بہت بر ا ہوگا۔ جس سنگین نتائج سامنے آئیں گے ۔ یاد رہے کہ چند روز قبل ٹرمپ ہی نے اپنے دورہ برطانیہ کے دوران ایک پریس کانفرنس میں پہلی بار یہ انکشاف کیا تھا کہ امریکہ بگرام ائیر بیس کو دوبارہ حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ائیر بیس اس لیے بھی حاصل کرنا چاہتے ہیں کیونکہ یہ اُس مقام سے صرف ایک گھنٹے کے فاصلے پر ہے جہاں چین اپنے جوہری ہتھیار تیار کرتا ہے ۔ ایک امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق امریکا اور طالبان کے درمیان انسداد دہشت گردی کارروائیوں پر مذاکرات ہو رہے ہیں، بگرام ائیر بیس پر محدود تعداد میں امریکی فوج کی تعیناتی پر غور کیا جا رہا ہے ۔ اس موقع پر انہوں نے ایک بار پھر افغانستان میں چین کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ پر تشویش کا اظہار کیا۔ صدر ٹرمپ نے بگرام ائیر بیس کے نقصان کو سابق صدر جوبائیڈن کی افغان پالیسی کی ناکامی سے جوڑتے ہوئے اُن پر سخت تنقید کی تھی۔ یاد رہے کہ بگرام ائیر بیس جو افغانستان میں امریکی افواج کا سب سے بڑا اور مرکزی اڈہ تھا، 2001 کے بعد طالبان کے خلاف امریکی جنگ میں اہم کردار ادا کرتا رہا۔ تاہم، جولائی 2021 میں امریکی اور نیٹو افواج نے ایک افراتفری کے عالم میں یہ بیس خالی کر دیا تھا، جس کے بعد طالبان نے تیزی سے افغانستان پر کنٹرول حاصل کیا۔امریکی اور نیٹو افواج نے جولائی 2021 میں بگرام سے افراتفری کے عالم میں انخلا کیا جو ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی میں ہونے والے امن معاہدے کا حصہ تھا۔ یہ اس وقت ہوا تھا جب دوبارہ ابھرنے والے طالبان نے افغانستان کے بڑے حصے پر قبضہ کر لیا اور آخرکار پورے ملک پر کنٹرول حاصل کر لیا۔

کسی کو امریکہ سے فائدہ اٹھانے کی
اجازت نہیں دیں گے :ٹرمپ
واشنگٹن،21 ستمبر(یو این آئی ) امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کسی کو امریکہ سے فائدہ اٹھانے کی اجازت نہیں دیں گے ، مختلف ممالک پر ٹیرف عائد کرنے سے اربوں ڈالرکا فائدہ ہو رہا ہے ۔امریکی صدرٹرمپ نے ورجینیا میں خطاب کرتے ہوئے کہا یورپی ممالک اب بھی روس سے تیل خرید رہے ہیں،سالہا سال سے امریکہ میں مہنگی منشیات بیچی جارہی ہیں،کسی کو امریکہ سے فائدہ اٹھانے کی اجازت نہیں دیں گے ،پیر کے روز آٹزم سے متعلق اہم اعلان کروں گا۔انہوں نے مزید کہاکہ دورہ برطانیہ بہت اچھا رہا،شاہ چارلس بہترین انسان ہیں،برطانیہ میں میری بہت عزت افزائی ہوئی،امریکہ کا وقار بڑھا، آج امریکہ دنیا میں سب سے زیادہ کامیاب ملک ہے ۔