نئی دہلی : کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے حال ہی میں وزیراعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر غیرملکی کورونا ویکسین کو جلد منظوری دینے کا مشورہ دیا تھا کیونکہ ملک میں دستیاب ویکسین کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔ مرکز نے فوری طور پر اس تجویز کو مسترد کردیا تھا لیکن چند دن بعد ہی روسی ویکسین کو منظوری دیتے ہوئے اسے ایمرجنسی کی صورتحال میں استعمال کرنے کی اجازت دی ہے۔ برسراقتدار بی جے پی کے قائدین نے راہول کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا کہ وہ دوا کمپنیوں کی پیروی کررہے ہیں۔ تاہم بعد میں خود وزارت صحت نے بیرونی ویکسین کو ہنگامی طور پر استعمال کرنے کی منظوری کی سفارش کردی۔ راہول نے ٹوئیٹ کیا کہ جب بھی آپ کوئی مخلصانہ مشورہ دیتے ہیں تو پہلے وہ آپ کو نظرانداز کردیں گے ، پھر آپ کا مذاق اڑائیں گے ، پھر آپ سے لڑیں گے اور آخر میں جیت آپ ہی کی ہوگی۔
