سڈنی، 20 ڈسمبر (ایجنسیز) آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ میں پاکستانی اسٹار بیاٹر بابر اعظم اپنے تیسرے میچ میں کامیاب ہوئے۔ سڈنی سکسرز کی نمائندگی کرتے ہوئے بابر نے بگ بیش لیگ کریئر کی پہلی نصف سنچری بنائی۔ بابر 42 گیندوں میں 58 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ بابر نے دبائو کے عالم میں ذمہ دارانہ اور دلکش بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے5 خوبصورت چوکوں اور 2 شاندار چھکوں کی مدد سے اپنی ففٹی مکمل کی۔بابر کی اننگز میں کلاس، اعتماد اور تجربے کی جھلک نمایاں نظر آئی۔ واضح رہے کہ بابر اعظم پہلی بار بگ بیش لیگ میں شرکت کر رہے ہیں اور ابتدائی دو میچز میں وہ صرف 2 اور 9 رنز بنا سکے تھے۔ آج کے میچ میں بابر کی ٹیم میں جوش فلپ نے 57 گیندوں میں 96 رنز بناتے ہوئے سڈنی سکسرز کو 198/5 تک پہنچایا۔ جواب میں سڈنی تھنڈر کی ٹیم آخری اوور میں 151 پر آل آؤٹ ہوگئی۔ سکسرز کو 47 رنز سے اپنی پہلی کامیابی حاصل ہوئی۔
