بھائی نے بہن کا قتل کردیا آدم کالونی ٹولی چوکی میں واقعہ ۔ جائیداد کی تقسیم کا تنازعہ وجہ

   

حیدرآباد29جولائی (سیاست نیوز) گولکنڈہ پولیس حدود میں ایک دردناک واقعہ پیش آیا جس میں بھائی نے بہن کا قتل کردیا۔ ملکیت کا تنازعہ قتل کی وجہ بتائی گئی ہے۔ انسپکٹر گولکنڈہ چندر شیکھر ریڈی کے مطابق رئیسہ فاطمہ جو وکیل ہے، ان کے بھائی اور بہنوں میں جائیداد کی تقسیم پر تنازعہ چل رہا تھا ۔ مقتولہ کی شادی سال 2003 ء میں ہوئی تھی اور ان کے شوہر کے انتقال کے بعد وہ اپنے دو بچوں کے ہمراہ اپنے میکہ واقع زبیدہ منزل آدم کالونی ٹولی چوکی منتقل ہوگئی تھیں۔ رئیسہ فاطمہ کے پانچ بھائی اور بہن ہیں اور خاندان میں جائیداد کا تنازعہ چل رہا تھا ۔ محمد عارف علی جو رئیسہ فاطمہ کا حقیقی بھائی ہے، جائیداد کو لیکر اکثر دھمکایا کرتا تھا اور تقسیم کیلئے جھگڑے ہوا کرتے تھے۔ 38 سالہ عارف علی نے اپنے دیگر افراد خاندان کی موجودگی میں رئیسہ فاطمہ کا بہیمانہ طور پر ایک تیز دھار چاقو سے گلا کاٹ کر قتل کردیا ۔ اس واقعہ کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی اور رئیسہ فاطمہ کے دیگر افراد خاندان پر سکتہ طاری ہوگیا۔ اس واقعہ کی اطلاع ملنے پر گولکنڈہ پولیس ٹیم مقام واردات پہنچ وہاں کا معائنہ کیا اور کلوز ٹیم کو بھی طلب کرلیا۔ پولیس نے عارف علی کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔