مختلف مقامات پر جمعیتہ العلماء آندھرا پردیش کے وفد کے دورے، ریاستی صدر ڈاکٹر قاضی عبدالماجد و دیگر علماء کا خطاب
کرنول۔ 11 ڈسمبر (ای۔میل) جمعیتہ العلماء آندھرا پردیش کے زیراہتمام ’’اصلاح معاشرہ و دینی تعلیم کیلئے نظم و شعور بیداری‘‘ سے متعلق ریاست کے مختلف مقامات کا جمعیت کا وفد دورہ کررہے ہیں اور اجلاس منعقد کرتے ہوئے جمعیت کے مقامی ذمہ داران سے ملاقات کرکے جمعیت کے نصب العین کو وسعت دینے کی کوشش کررہے ہیں۔ دریں اثناء 3 تا 8 ڈسمبر اضلاع کے دورے کئے گئے جس کی تفصیلات کچھ اس طرح ہے: جمعیتہ علماء ضلع نندیال کے زیرِ اہتمام آج ہارون فنکشن ہال میں صوبائی اراکین کے اضلاع کے دورے کے ضمن میں ایکٹیو ممبران کا ایک اہم اور پْروقار اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت جمعیتہ علماء ضلع نندیال کے صدر مفتی محمد رفیع قاسمی نے کی۔اس اجلاس میں صوبائی صدر مولانا ڈاکٹر قاضی عبدالماجد نظامی کی خصوصی شرکت رہی، جن کے ساتھ صوبائی جنرل سیکرٹری مفتی عبدالباسط قاسمی اور ریاستی ارکانِ عاملہ پر مشتمل وفد بھی موجود تھا۔ اجلاس میں مرد و خواتین سمیت مجموعی طور پر تقریباً 400 شرکاء نے شرکت کی پہلا سیشن(صبح 10 بجے تا دوپہر 1بجے) دینی تعلیمی بورڈ نندیال کے تحت اساتذہ مکتب کیلئے تدریب المعلمین و المعلمات منعقد ہوا جس میں مولانا سعید الرحمن منظم مکتب، طریقہ تعلیم، بورڈ کے استعمال پر توجہ دلائی گئی۔دوسرا سیشن ( دوپہر 2 تا 5 بجے شام) جمعیتہ علماء ضلع نندیال کے مقامی یونٹ کے ذمہ داریاں اور ایکٹیو ممبران کا ایک اہم اجلاس منعقد ہواجس میں صوبائی صدر مولانا ڈاکٹر قاضی عبدالماجد نظامی نے سدبھونا منچ، جن وکاس ، قومی یکجہتی اور ملک کے بدلتے حالات کے تناظر میں باہمی بھائی چارہ کو مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے ملک میں امن، محبت اور شانتی کے ماحول کو فروغ دینے کی اہمیت واضح کی۔صوبائی جنرل سیکرٹری مفتی عبدالباسط قاسمی نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ قوم و ملت کی خدمت کے لیے تیار رہیں اور مثبت سرگرمیوں سے وابستہ ہونے کے لیے جمعیت یوتھ کلب سے جڑیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو غیر سماجی رویوں، غلط عادات اور غیر اخلاقی سرگرمیوں سے دور رہنے کی تلقین کی۔ریاستی رکنِ عاملہ مولانا رشید احمد قاسمی (رائچوٹی) نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دینی و دنیاوی تعلیم کی اہمیت پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں طرح کی تعلیم انسان کی شخصیت سازی، ترقی اور بہتر مستقبل کی بنیاد ہیں۔ ضلعی صدر مفتی محمد رفیع قاسمی نے جمعیتہ علماء ہند کی صد سالہ تاریخ پر روشنی ڈالی۔ اجلاس میں شرکت کرنے والوں میں خصوصی طور پر ریاستی ارکان عاملہ میں سے حافظ سید محمد آصف انگول، ناظم تنظیم ‘مفتی محمد رفیع انگول، نائب صدر ‘مولانا آصف نندی کوٹکور رکن عاملہ ‘مفتی اسماعیل ، صوبائی خازن ‘ودیگر کی شرکت قابل ذکر ہے۔ اسی طرح جمعیت العلماء آندھراپردیش کے صدر حضرت مولانا ڈاکٹر قاضی عبدالماجد ،جنرل سکریٹری مفتی عبدالباسط قاسمی، نائب صدر حضرت مولانا سید محمد رفیع قاسمی، ناظم دینی تعلیمی بورڈ مولانا رشید احمد قاسمی اور ناظم تنظیم حافظ آصف نے دفتر جمعیتہ العلماء کرنول کا دورہ کیا۔اس موقع پر جمعیتہ العلماء ضلع کرنول کے مقامی یونٹ کے ذمہ داران اور ایکٹیو ممبران کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع و منڈل یونٹوں کی مختلف شعبہ جاتی خدمات کا جائزہ پیش کیا گیا۔اجلاس مجلسِ منتظمہ جمعیۃ علماء ہند (بھوپال) کی مختصر روداد پیش کی گئی، نیز 32 ماہ جمعیت کیلنڈر پر تفصیلی مذاکرہ اور نفاذ کے عزم کا اظہار کیا گیا۔مزید یہ کہ دینی تعلیمی بورڈ، جمعیت یوتھ کلب اور اصلاحِ معاشرہ کی ایک ماہ کی کارکردگی متعلقہ ذمہ داران نے پیش کی۔شہر اننت پور میں پورے ضلع کے جمعیت کے ممبران کا ایک پروگرام طے ہوا تھا جس میں ریاستی آندھرا پردیش کے صدر مولانا ڈاکٹر قاضی عبدالماجد اور جنرل سیکریٹری جناب مفتی عبدالباسط قاسمی اور خازن مولانا مفتی اسماعیل قاسمی اور نائب صدر جمعیت علماء ریاست آندھرا پردیش مولانا رفیع قاسمی اور مولانا حافظ آصف ناظم مجلس عاملہ جمعیت علماء ریاست اندھرا پردیش بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔