نئی دہلی : دہلی کے آر کے پورم پولیس اسٹیشن علاقہ میں ایک سنسنی خیز واقعہ سامنے آیا ۔ نامعلوم افراد نے اتوار کی صبح 4:30 بجے امبیڈکر بستی میں دو بہنوں کو گولی مار دی ۔ دونوں زخمی بہنوں کو دہلی کے ایس جے ہاسپٹل میں داخل کرایا گیا جہاں علاج کے دوران اُن کی موت ہوگئی ۔ دونوں متوفی بہنوں کے نام پنکی اور جیوتی ہیں جن کو رقمی لین دین کے تنازعہ پر قتل کیا گیا ۔ بتایا جارہا ہے کہ جیوتی اور پنکی کے بھائی نے بعض افراد سے 15ہزار روپئے قرض لئے تھے ۔ قرض دینے والے چند افراد اتوار کی صبح کے وقت یہ رقم لینے آئے تھے ۔ جیوتی اور پنکی کی بھابھی نے بتایا کہ قرض دینے والے نے کئی بار گھر کے دروازے کو دھکا دیا لیکن کسی نے دروازہ نہیں کھولا ۔ اس کے بعد صبح ساڑھے چار بجے بدمعاش دوبارہ آئے پھر دروازے پر دستک ہوئی ۔ اس بار گھر کے افراد نے دروازہ کھولا جس کے فورا بعد انہوں نے گڑبڑ شروع کردی اور گولیاں چلائیں جس سے دونوں بہنوں کی موت ہوگئی ۔