غازی آباد : نو عمر لڑکی نے اپنے بھائی کی منشیات کی لت چھڑوانے کے لیے خودکشی کر لی۔ میڈیا ’این ڈی ٹی وی‘ کے مطابق ریاست اتر پردیش کے غازی آباد میں ایک نوجوان لڑکی نے خودکشی کر لی تا کہ اس کا بھائی منشیات چھوڑ دے۔ غازی آباد کی پولیس نے گزشتہ روز میڈیا کو بتایا کہ ایک 16 سالہ لڑکی نے مبینہ طور پر اپنے گھر میں چھت کے پنکھے سے لٹک کر خودکشی کر لی ہے۔ پولیس کے مطابق بہن نے خودکشی سے قبل ایک نوٹ بھی چھوڑا ہے جس میں لکھا ہے کہ میں خودکشی کر رہی ہوں تا کہ میرا بھائی نشہ چھوڑ دے۔ اس معاملہ سے متعلق اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس (اے سی پی) اندرا پورم کمار سنگھ کا کہنا ہے کہ خودکشی نوٹ دیوار پر چسپاں کیا گیا تھا جبکہ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق لڑکی نے اپنے خودکشی نوٹ میں کسی کو بھی اپنی خودکشی کا ذمہ دار نہیں ٹھہرایا ہے۔