کولکتہ۔ ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے چیئرمین سورو گنگولی اپنے بڑے بھائی اور بنگال کرکٹ اسوسی ایشن (سی اے بی) کے جوائنٹ سکریٹری سنیہ شیش گنگولی کے کورونا سے متاثر ہونے کے بعد خود قرنطینہ میں چلے گئے ہیں ۔سنیہ شیش کو کورونا سے انفیکشن ہونے کے بعد گنگولی اور کیب کے صدر ابھیشیک ڈالمیا نے پروٹوکول کے تناظر میں گھر میں خود کو قرنطینہ کرلیا ہے ۔ کورونا کے بڑھتے ہوئے معاملات کی وجہ سے گنگولی اپنی رہائش گاہ کے قریب واقع اپنے دفتر سے بی سی سی آئی کو سنبھال رہے تھے ۔سنیہاش کی صحت کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے ڈالمیا نے کیب کے ذریعے ایک بیان جاری کیا اور کہا کہ یہ ایک مشکل وقت ہے ۔ سنیہ شیش نے خود کو سٹی اسپتال میں داخل کروایا ہے ۔ انہیں ہلکا بخار ہے لیکن اس وقت وہ ٹھیک ہیں۔ ہم ان کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہیں۔ میں نے فیصلہ کیا ہے کہ مطلوبہ پروٹوکول کے تحت کچھ دن اپنے آپ کو گھر میں قرنطینہ میں رکھوں ۔ڈالمیا نے کہا کہ ہاں میں بھی کچھ دن ہوم کوارنٹین میں رہوں گا۔ لال بازار میں پولیس افسران کے ساتھ ہونے والی میٹنگ کے دوران میں صرف یونین کی جانب سے موجود تھا۔ ایڈن گارڈن میں پریس کانفرنس کے دوران سنیہ شیش موجود تھے ۔ تاہم گنگولی اور ڈالمیا کا کورونا ٹسٹ ابھی نہیں کرایا جائے گا۔