بھائی کی نعش دیکھنے کے بعد دوسرے بھائی کی بھی موت

   

حیدرآباد ۔ دل کا دورہ پڑنے سے گریٹرحیدرآباد میونسپل کارپوریشن(جی ایچ ایم سی)کے سوئمنگ کوچ کی موت ہوگئی تاہم اس کی نعش دیکھنے کے بعد اس کے بھائی کی موت بھی ہوگئی۔ان دونوں کی آخری رسومات ایک ساتھ انجام دی گئیں۔اس واقعہ کے نتیجہ میں اس کے آبائی مقام تلنگانہ کے ضلع رنگاریڈی کے شمس آباد میں غم کی لہر دوڑگئی۔یہ اموات شمس آباد میونسپل سنٹر کے سدھانتی علاقہ میں پیش آیا۔55سالہ سدرشن جی ایچ ایم سی کا سوئمنگ کوچ تھا۔قبل ازیں اس کو دل کا دورہ پڑا تھا تاہم اس کا علاج کیاگیا تھا۔29جون کو سدرشن ڈیوٹی انجام دینے کے بعد گھر واپس ہورہا تھا کہ راستہ میں ہی اس کی صحت بگڑ گئی۔اس کے ساتھی ملازمین کی مدد سے اس کو گھر پہنچایاگیا۔رات میں ایک مرتبہ پھر اس کو دل کا دورہ پڑا جس کے بعد اس کے ارکان خاندان اس کو پرائیویٹ ہاسپٹل منتقل کررہے تھے کہ اس کی موت ہوگئی۔ اس کا بھائی32سالہ لاونے حیدرآباد میں ایک پرائیویٹ ادارہ میں کام کرتا تھا۔اس کو بھائی کی موت کی اطلاع دی گئی جس پر وہ گھر آیااور اپنے بھائی کی نعش دیکھ کر وہ گرپڑا اور وہیں پر اس کی بھی موت ہوگئی۔سدرشن کی بیوی کو دو بچے ہیں جبکہ لاونے کی ابھی شادی نہیں ہوئی تھی۔