بھائی کے قتل میں ملوث بہن کے بشمول 5 افراد گرفتار

   

شادی پر اعتراض قتل کی وجہ ۔ چاقو ‘ موبائیل و آٹو ضبط
حیدرآباد 11 اپریل (سیاست نیوز) اسلم قتل کیس میں ملوث 5 افراد بشمول اسلم کی بہن کو پولیس سنتوش نگر نے گرفتار کرلیا۔ پولیس نے بتایا کہ اسلم کا قتل شادی میں رکاوٹ کے سبب انجام دیا گیا اور اسلم کی بہن بھی بھائی کے اعتراض سے ناراض تھی اور اپنے عاشق کی سازش میں شامل تھی۔ 7 اپریل کو پیش آئے سنسنی خیز قتل کی واردات کو حل کرتے ہوئے پولیس سنتوش نگر نے 5 افراد سید فیصل، یاسمین بیگم، محمد منیر، سید فردوس اور سید فضل کو گرفتار کرلیا۔ اصل سرغنہ سید فیصل کی عمر 19 سال بتائی گئی جو 25 سالہ یاسمین بیگم سے شادی کرنا چاہتا تھا۔ یاسمین اور فیصل دونوں شادی کا ارادہ رکھتے تھے جس پر یاسمین کے بھائی اسلم کو اعتراض تھا۔ حالانکہ قاتل اور مقتول آپس میں ساتھی تھے اور پیشہ سے آٹو ڈرائیورس تھے۔ منصوبہ بند طریقہ سے سازش پر عمل کرتے ہوئے اسلم کا قتل کیا گیا۔ پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا۔ ان کے قبضہ سے چاقو، موبائیل فون اور آٹو کو ضبط کرلیاگیا ۔ ع