بھارت اورایران میں دوطرفہ بات چیت, جانیے کیا ہے پورا معاملہ

   

تہران: بھارت اور ایران نے چابہار بندرگاہ کے منصوبے کے ذریعے رابطے بڑھانے پر بات چیت کی ہے۔ سکریٹری خارجہ ونئے کواترا نے اتوار کے روز تہران میں ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبدالحیان سے ملاقات کی۔ سکریٹری خارجہ نے ایرانی وزیر خارجہ کے ساتھ حماس اسرائیل تنازعہ سے پیدا ہونے والی مغربی ایشیا کی موجودہ صورتحال، اسٹریٹجک چابہار بندرگاہ کے ذریعے رابطے بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔

وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باغچی نے کہا کہ دونوں ملکوں نے مختلف شعبوں میں جاری تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا ۔ باغچی نے اس موقع پر کہا کہ سیکریٹری خارجہ نے ایران کے وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقات میں دو طرفہ امور، چابہار بندرگاہ سمیت رابطوں کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔ ونئے کواترا کا دورہ تہران اہم ہے کیونکہ یہ حماس اور اسرائیل کے درمیان تنازعات پر بڑھتے ہوئے عالمی خدشات کے درمیان جاری ہے۔