تلنگانہ اور آندھرا کے کئی خانگی ہاسپٹلس شامل، قلت دور ہونے کا امکان
حیدرآباد۔ بھارت بائیو ٹیک نے حکومت کے ساتھ ساتھ خانگی دواخانوں کو ویکسین کی راست سربراہی کا فیصلہ کیا ہے ۔ بھارت بائیو ٹیک کی جانب سے کورونا سے بچاؤ کے لئے کو ویکسین تیار کی جاتی ہے ۔ حکومت نے ویکسین تیار کرنے والی کمپنیوں کو فروخت کے سلسلہ میں اجازت دے دی ہے ۔ کمپنی کے جوائنٹ منیجنگ ڈائرکٹر سچترا ایلا نے بتایا کہ کمپنی نے ملک کے 25 شہروں میں خانگی دواخانوں کو ویکسین کی سربراہی کا آغاز کردیا ہے ، ان میں حیدرآباد ، دہلی ، ممبئی ، بنگلور ، چینائی ، کولکتہ ، گوہاٹی، کوئمبتور، گوا ، گنٹور ، جئے پور ، کوچی ، نیلور ، نظام آباد ، وجئے واڑہ اور ویزاگ شامل ہیں۔ کمپنی نے مرکزی وزارت صحت کی ہدایت کے مطابق 10 شہروں کو ویکسین کی خوراک روانہ کی ہے ۔ امید کی جارہی ہے کہ ملک میں ویکسین کی قلت پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔