بھارت جوڑو یاترا ایپ لانچ ’ڈیجیٹل یاتری‘، بننے کی سہولت ‘ سرٹیفکیٹ بھی دیا جائے گا: جئے رام رمیش

   


نئی دہلی :کانگریس صدر سونیا گاندھی 6 اکتوبر کو کرناٹک میں بھارت جوڑو یاترا میں شامل ہوں گی۔ حالانکہ وہ زیادہ وقت تک ساتھ نہیں چلیں گی۔ منگل یعنی 4 اکتوبر اور بدھ یعنی 5 اکتوبر کو بھارت جوڑو یاترا دسہرا کے سبب رکی رہے گی۔ اس کے علاوہ کانگریس کے سینئر لیڈر جئے رام رمیش نے پیر کو بھارت جوڑو یاترا ایپ لانچ کیا۔جئے رام رمیش نے جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ کانگریس نے بھارت جوڑو یاترا کے لیے ایک ایپ لانچ کیا ہے۔ اس میں یاترا کی لائیو لوکیشن دیکھ سکتے ہیں۔ ساتھ ہی اس کو ڈاون لوڈ کر کے اپنا نمبر ڈال کر یاترا سے جڑی سبھی جانکاری بھی حاصل کر سکیں گے۔ اس ایپ کے ذریعہ عام شہری ڈیجیٹل بھارت جوڑو یاتری بھی بن سکیں گے جس کا سرٹیفکیٹ بھی ملے گا۔ اس کے ساتھ ہی اس ایپ میں لوگ اپنے مشورے دے سکتے ہیں اور اس کو کیسے بہتر بنایا جا سکتا ہے اس کو لے کر بھی معلومات دی جا سکتی ہے۔ حالانکہ ابھی تک اس کی ویب سائٹ لانچ کی گئی تھی لیکن اب ایپ بھی لانچ کر دی گئی ہے۔راہول گاندھی اور کانگریس کے کئی دیگر قائدین اور کارکنان نے گزشتہ 7 ستمبر کو تمل ناڈو کے کنیا کماری سے ’بھارت جوڑو یاترا‘ کی شروعات کی تھی۔ ان دنوں یاترا کرناٹک میں ہے۔ یاترا کا اختتام آئندہ سال کی شروعات میں کشمیر میں ہوگا۔ اس یاترا میں کل 3570 کلومیٹر کی دوری طے کی جائے گی۔ اس یاترا میں بڑی تعداد میں لوگ شامل ہو رہے ہیں۔ کیرالہ کے بعد کرناٹک میں بھی اس یاترا کو زبردست عوامی حمایت مل رہی ہے۔