رکن پارلیمنٹ کی موت پر دیگر قائدین کا اظہار افسوس‘ یاترا ایک دن کیلئے ملتوی
نئی دہلی: کانگریس کے رکن پارلیمنٹ سنتوکھ سنگھ چودھری کا ہفتہ کی صبح بھارت جوڑو یاترا کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے دیہانت ہو گیا۔ سنتوکھ سنگھ کی عمر 76 سال کی تھی اور وہ جالندھر سے لوک سبھا کے رکن تھے۔ سنتوکھ سنگھ کے دیہانت کے سبب راہل گاندھی کی کل جالندھر میں ہونے والی پریس کانفرنس منسوخ کر دی گئی ہے اب یہ پریس کانفرنس 17 جنوری کو ہوشیارپور میں ہوگی۔ اس کے علاوہ سنتوکھ سنگھ کے اعزاز میں بھارت جوڑو یاترا کو ایک دن کے لئے روک دیا گیا ہے۔دریں اثنا، سنتوکھ سنگھ کے دیہانت پر کانگریس کے قائدین نے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے سنتوکھ سنگھ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا ’’ہمارے رکن پارلیمنٹ سنتوکھ سنگھ چودھری کے اچانک دیہانت کے بارے میں جان کر گہرا صدمہ اور افسوس ہوا۔ ان کی موت پارٹی اور تنظیم کے لیے بہت بڑا دھچکا ہے۔ غم کی اس گھڑی میں میرا دل ان کے اہل خانہ، دوستوں اور پیروکاروں کے ساتھ ہے۔ ان کی روح کو سکون ملے۔‘‘کانگریس کی ’بھارت جوڑ یاترا‘ کی قیادت کر رہے پارٹی لیڈر راہول گاندھی نے ٹوئٹر پر لکھا ’’سنتوکھ سنگھ چودھری کے اچانک انتقال سے میں صدمہ میں ہوں۔ وہ زمین سے جڑے محنتی، ایک نیک انسان اور کانگریس خاندان کے مضبوط ستون تھے، جنہوں نے یوتھ کانگریس سے پارلیمنٹ تک اپنی زندگی کو عوامی خدمات میں وقف کر دیا۔ میں غمزدہ اہل خانہ کے تئیں اپنی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔‘‘پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ٹوئٹ کیا ’’جالندھر کے ایم پی سنتوکھ سنگھ چودھری کے اچانک انتقال کی خبر سن کر بہت دکھ ہوا۔ سنتوکھ سنگھ کانگریس کے نظریے کے لیے ایک وقف لیڈر اور سچے عوامی خدمت گار تھے۔ ان کے دیہانت سے انڈین نیشنل کانگریس کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔ سوگوار خاندانوں سے میری گہری تعزیت۔کانگریس کے جنرل سکریٹری انچارج شعبہ مواصلات جے رام رمیش نے پارٹی کے رکن پارلیمنٹ کے دیہانت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئٹر پر لکھا ’’کانگریس کے 76 سالہ رکن پارلیمنٹ سنتوکھ سنگھ چودھری کا آج صبح بھارت جوڑو یاترا کے دوران اچانک دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہو گیا۔ ہم ان کے خاندان سے اپنی گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔‘‘بعدازاں راہول گاندھی نے سنتوکھ سنگھ چودھری کے مکان پہنچ کر ارکان خاندان سے ملاقات کی اور اظہار تعزیت کیا۔