مدھیہ پردیش میں یاترا کا دوسرا دن‘ عوام میں جوش وخروش
بھوپال:کانگریس پارٹی کی بھارت جوڑو یاترا کا آج 78 واں دن ہے۔ یہ یاترا چہارشنبہ کو مدھیہ پردیش میں داخل ہوئی تھی۔ مدھیہ پردیش میں پدایاترا کا آج دوسرا دن ہے۔ راہول گاندھی اور دیگر بھارت یاتریوں نے آج مدھیہ پردیش کے بورگاؤں سے پد یاترا کا آغاز کیا۔ یہ اگلے 10 دنوں میں ریاست کے 7 اضلاع سے ہوکر گزرے گی۔ یاترا کو لے کر لوگوں میں کافی جوش و خروش ہے۔ پدیاترا میں ہزاروں لوگ شامل ہو رہے ہیں۔کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے بھی آج بھارت جوڑو یاترا میں حصہ لیا۔ ان کے شوہر رابرٹ واڈرا اور بیٹا ریحان بھی ان کے ساتھ پدایاترا میں شامل ہوئے۔ جب سے بھارت جوڑو یاترا شروع ہوئی ہے، یہ پہلا موقع ہے جب پرینکا گاندھی پدایاترا میں شامل ہوئی ہیں۔ پرینکا گاندھی بھارت جوڑو یاترا میں حصہ لینے کل ہی مدھیہ پردیش پہنچیں تھیں۔ پرینکا گاندھی کے پہلی مرتبہ یاترا میں شامل ہونے سے عوام میں زبردست جوش و خروش دیکھا گیا۔