بھارت جوڑو یاترا کی تشہیر روکنے کیلئے ارکان اسمبلی کی خریدی ڈرامہ

   


محمد علی شبیر کا الزام ، کانگریس کے 33 ارکان اسمبلی کے ٹی آر ایس میں انحراف کا الزام
حیدرآباد ۔28 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر نے الزام عائد کیا کہ راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کی تشہیر کو روکنے کیلئے ٹی آر ایس اور بی جے پی نے ارکان اسمبلی کی خریدی کا ڈرامہ رچایا ہے۔ راہول گاندھی کی یاترا کے کیمپ محبوب نگر میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے محمد علی شبیر نے کہا کہ ٹی آر ایس رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی نے فارم ہاؤز میں بہترین ڈرامہ کیا ہے ۔ اس ڈرامہ کے ذریعہ یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی کہ تلنگانہ میں سیاسی صورتحال ہنگامہ خیز ہے۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا سے دونوں پارٹیاں خوفزدہ ہے اور میڈیا میں یاترا کے کوریج کو روکنے کیلئے فارم ہاؤز کا ڈرامہ رچا گیا۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ 2014 ء سے آج تک کے سی آر نے 33 ارکان اسمبلی کو لالچ کے ذریعہ ٹی آر ایس میں شامل کیا اور بی جے پی اسی اسکیم کو دہرانا چاہتی ہے۔ دونوں پارٹیاں ارکان اسمبلی کی خریدی معاملہ میں برابر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کے ڈائرکشن میں فارم ہاؤز کا ڈرامہ رچا گیا۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ جرم کا پتہ چلانے کیلئے ارکان اسمبلی سے پوچھ تاچھ کی جانی چاہئے لیکن چیف منسٹر نے ارکان اسمبلی کو فارم ہاؤز میں محفوظ کردیا جس کے نتیجہ میں کئی شبہات جنم لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگاہ کے 33 کانگریس ارکان مقننہ کی خریدی کے لئے کے سی آر ذمہ دار ہے۔ جبکہ بی جے پی نے 9 ریاستوں میں اپوزیشن ارکان اسمبلی کی خریداری کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ فارم ہاؤز میں 100 کروڑ کی موجودگی کا دعویٰ کیا گیا جو بعد میں گھٹ کر 15 کروڑ ہوگئے لیکن پولیس نے رقم ضبط کرنے کا کوئی اعلان نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ عوام بی جے پی اور ٹی آر ایس کی ڈرامہ بازی کو اچھی طرح سمجھ چکے ہیں۔ر