حیدرآباد۔/6 ستمبر، ( سیاست نیوز) کانگریس قائد راہول گاندھی نے گذشتہ سال 7 ستمبر کو ملک میں بھارت جوڑو یاترا کا آغاز کیا تھا اس کی یاد میں کانگریس نے اس سال تمام اضلاع میں پروگرامس منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کل 7 ستمبر کو حیدرآباد میں پردیش کانگریس کمیٹی کی جانب سے مجسمہ امبیڈکر ٹینک بنڈ سے نیکلس روڈ مجسمہ اندرا گاندھی تک ریالی منظم کی جائے گی۔ ریالی کے بعد جلسہ عام ہوگا۔ اس پروگرام میں انچارج تلنگانہ مانک راؤ ٹھاکرے، صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی اور دیگر قائدین شرکت کریں گے۔
اسی دوران ورکنگ پریسیڈنٹ مہیش کمار گوڑ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کل 7 ستمبر کو تمام ضلع ہیڈکوارٹرس پر شام 5 تا 6 بجے پدیاترا کا اہتمام کیا جائے گا جس کے بعد بھارت جوڑو جلسہ عام منعقد ہوگا۔ کانگریس کمیٹی نے 7 ستمبر کو ملک بھر میں بھارت جوڑو یاترا کی یاد میں پروگرامس منعقد کرنے کی ہدایت دی ہے۔