بھارت جوڑو یاترا کے دوران راہول گاندھی کا نیا انداز لوگوں کو کافی پسند آیا

,

   

چتردرگ: کانگریس کی ’بھارت جوڑو یاترا‘ فی الحال کرناٹک میں زور و شور سے جاری ہے جبکہ تمل ناڈو کے کنیاکماری سے اس کا آغاز ہوا تھا۔ یاترا میں بڑے پیمانہ پر لوگ شامل ہورہے ہیں جن میں بچے، خواتین، بوڑھے بھی خاصی تعداد میں شریک ہورہے ہیں۔ 5 ماہ تک جاری رہنے والی یہ پدیاترا 3570 کلومیٹر کا سفر طئے کریگی جس میں 12 ریاستوں اور مرکز کے 2 زیرانتظام خطوں کا احاطہ کیا جائے گا۔ یاترا کے متعد ویڈیوز وائرل ہورہے ہیں جن میں سے ایک وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہیکہ راہول گاندھی یاترا کے دوران ایک چھوٹے لڑکے کو ’پش اپ چیلنج‘ دے رہے ہیں۔ یہ دلچسپ ویڈیو کو کافی لوگوں نے پسند کیا ہے۔
کرناٹک میں نوکریوں کی نیلامی ،راہول کا دعویٰ
نئی دہلی: بھارت جوڑو یاترا کی قیادت کرتے ہوئے کرناٹک میں پد یاترا پر نکلے ہوئے کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے کہا ہیکہ ریاست کی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت نوکریوں اور پولیس سب انسپکٹر کی نوکریوں کی نیلامی کر رہی ہے ۔ مثال کے طور پر ایک معمولی پوسٹ پر تقریباً ایک کروڑ روپے میں بھرتی کئے جارہے ہیں۔ راہول گاندھی نے کہا کہ کرناٹک میں لوگ کہتے ہیں کہ ریاست میں نوکریوں کے نام پر لوٹ مار ہو رہی ہے ۔ ریاستی حکومت میں مختلف عہدوں کے لیے رشوت مقرر ہے ۔ کس پوسٹ پر نوکری حاصل کرنے کیلئے کتنی رقم ادا کرنی پڑتی ہے ۔ کرناٹک میں ملازمتوں کیلئے کمیشن لیا جا رہا ہے۔ اگر سرکاری کام کرنا ہے اور اس کیلئے ٹھیکہ دینا ہے تو اس کیلئے ٹھیکیداروں سے کمیشن لیا جا رہا ہے۔ راہول نے ٹویٹ کیاکہ کرناٹک میں بی جے پی حکومت نوکریوں کی نیلامی کر رہی ہے ۔
پولیس سب انسپکٹر کا عہدہ 80 لاکھ روپے میں فروخت، اسسٹنٹ پروفیسر کے عہدہ کیلئے سیل، انجینئر کے عہدہ کیلئے سیل نوجوان بے روزگاری کی زد میں ہیں، بی جے پی حکومت فروخت کرنے میں مصروف ہے۔