بھارت جوڑو یاترا کے 2 سال مکمل ۔ دہلی میں ریلی کا اہتمام

   

نئی دہلی: کانگریس کے سینئر لیڈر اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کے دو برس مکمل ہونے پر قومی راجدھانی دہلی کے اوکھلا میں کل شام ایک شاندا ریلی کا اہتمام کیا گیا، جس میں کانگریس کے سینئر لیڈر سلمان خورشید ، کانگریس کے راجیہ سبھا رکن دگ وجے سنگھ، گجرات کے ممبر اسمبلی جگینش میوانی، سابق ممبر اسمبلی ڈاکٹر اشوت کپور سمیت کانگریس کے بہت سے قومی اور مقامی لیڈروں نے شرکت کی۔ کانگریس کے سنئر لیڈر مسٹر سلمان خورشید نے ریلی کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم، روزگار ، بہتر اقتصادی حالت اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے خوشگوار ماحول سے ہی ملک ترقی کرسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا نے ملک کو ایک نئی سمت دی ہے اور اس سے کانگریس کو ہمت اور حوصلہ ملا ہے ۔ مسٹر دگ وجے سنگھ نے کہا کہ راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا نے ملک کے عوام کو خوف سے باہر نکال کر پارٹی کو نیا جوش و خروش اور نئی توانائی دی ہے ۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر حملہ کرتے ہوئے سنگھ نے الزام لگایا کہ بی جے پی کو جب جب انتخابات میں شکست کا سامنا ہوتا ہے ، وہ ملک میں فرقہ وارانہ ماحول پیدا کرکے انتخابات جیتنے کی کوشش کرتی ہے ۔ لیکنراہول گاندھی کی اس یاترا نے محبت کا پیغام دیکر اس کے اس حربے کو ناکام بنادیا ہے ۔کانگریس کی ابھرتی ہوئی لیڈر زیبا خان کی قیادت میں نکالی گئی اس ریلی میں جگنیش میوانی نے کہا کہ راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا نے کنیاکماری سے کشمیر تک محبت کا پیغام دیکر ملک میں فرقہ ہم آہنگی کو مضبوط کیا ہے اور پارٹی کے اندار نیا جوش و خروش پیدا کیا ہے ۔ زیبا خان نے کہا کہ ملک مسٹر راہل گاندھی کو وزیراعظم کے عہدے پر دیکھنا چاہتا ہے ، جس کیلئے پارٹی کا ہر کارکن کوشش کر رہا ہے ۔