جے پور: کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی کی قیادت میں کنیا کماری سے کشمیر تک نکالی جا رہی کانگریس کی بھارت جوڑو یاترا کا آج آرام کا دن ہے اور اتوار کوراجستھان میں دوسہ ضلع سے صبح دوبارہ شروع ہو گی جو آئندہ 30 جنوری کوکشمیر میں ختم ہو گی۔ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ اور کمیونیکیشن انچارج جے رام رمیش کے مطابق، 18 ڈسمبر کی صبح جب یاترا دوبارہ شروع ہوگی، راہول گاندھی دوپہر میں 45 شہری تنظیموں کے لوگوں سے ملاقات کریں گے ۔ یاترا 19 ڈسمبر کو الور میں ختم ہوگی اور وہاں ایک ریلی کا اہتمام کیا جائے گا۔ بھارت جوڑو یاترا گزشتہ 4 دسمبر کو راجستھان میں داخل ہوئی اور اس دوران آرام کا یہ دوسرا دن ہے جبکہ گزشتہ 9 دسمبر کو بھی آرام کا دن تھا۔ رمیش نے بتایا کہ بھارت جوڑو یاترا 20 دسمبر کی شام ہریانہ میں داخل ہوجائے گی جو 21 سے 24 فروری تک چار دن ہریانہ میں رہے گی۔ اس کے بعد دہلی میں داخل ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ بھارت جوڑو یاترا 2 یا 3 جنوری کو اتر پردیش جائے گی اور پھر دوسرے مرحلے میں ہریانہ میں داخل ہوگی اور پھر پنجاب، جموں اور آخر میں کشمیر پہنچے گی جہاں راہول گاندھی ترنگا لہرائیں گے ۔