حیدرآباد ۔ 15 ۔ نومبر : ( راست ) : جماعت اہل سنت کے ایک وفد جس میں علماء،مشائخین، ائمہ اور مختلف درگاہوں اور خانقاہوں کے سجادہ نشین و متولیاں شامل تھے نے وزیر ہریش راو سے ملاقات کی اور اپنے مطالبات پر مشتمل میمورنڈم پیش کیا۔جماعت نے کہا کہ بھارت راشٹر سمیتی کو بھرپور تائید حاصل رہیگی۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بی آر ایس ایک سیکولر پارٹی ہے۔ تلنگانہ کے قیام کے بعد سے مسلم اقلیتوں کے حالات میں امتیازی تبدیلی آئی ہے،تلنگانہ میں اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے مختص کیا جانے والا بجٹ ملک کی کسی اور ریاست میں نہیں ہے۔اسکے علاوہ بیرونی ممالک میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کے لئے 20 لاکھ تک کی اوورسیز اسکالرشپ اسکیم بھی ملک کے لئے ایک مثال ہے۔ حکومت کی جانب سے قائم کردہ اقامتی اداروں کے ذریعہ ہزاروں بچے تعلیم کے زیور سے آراستہ ہو رہے ہیں۔اسی طرح غریب خاندانوں کے لڑکیوں کی شادی کے لیے شادی مبارک بھی ایک کامیاب اسکیم ہے۔ علاوہ ازیں حکومت سماج کے تمام طبقات کی مساوی ترقی و فلاح کے لیے کام کررہی ہے۔ تشکیل تلنگانہ کے بعد سے ریاست میں تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد آپسی اتحاد کے ساتھ گنگا جمنی تہذیب کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں۔ پچھلے دس سال میں ریاست میں کبھی مذہب کے نام پر فسادات نہیں ہوئے، تمام طبقات کی ترقی ہی حکومت کا واحد مقصد ہے۔