بھارت سمٹ ‘تلنگانہ حکومت کیلئے باعث فخر: مہیش کمار گوڑ

   

حیدرآباد /27 اپریل ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے بھارت سمٹ 2025 کو کامیاب قرار دیا اور کہا کہ سمٹ کے ذریعہ تلنگانہ نے اپنی صلاحیتوں اور اہلیت کا مظاہرہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سمٹ کا انعقاد تلنگانہ حکومت کیلئے باعث افتخار ہے۔ تلنگانہ حکومت سے جن فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات پر عمل کیا جارہا ہے انہیں دنیا بھر تک پہنچانے میں بھارت سمٹ مددگار ثابت ہوا۔ سمٹ کے ذریعہ تلنگانہ کی ترقی اور فلاح و بہبود کے اقدامات کو دنیا بھرکے مندوبین کے روبرو پیش کیا گیا۔ انہوںنے کہا کہ عالمی امن، انصاف، ماحولیاتی تبدیلی اور دہشت گردی جیسے اہم مسائل پر مذاکرات ہوئے۔ راہول گاندھی نے سمٹ میں بھارت جوڑو یاترا کے اپنے تجربات بیان کئے۔ بھارت سمٹ میں لیبر طبقات کو حقوق سے محروم کرنے کی سختی سے مذمت کی گئی اور حقوق کے تحفظ کیلئے جدوجہد کا فیصلہ کیا گیا۔ راہول گاندھی نے میڈیا پر حملوں کی مذمت کی اور جمہوریت و انصاف پسند طاقتوں کی آواز کچلنے کی کوششوں کی مزاحمت پر زور دیا۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ 44 نکات پر مشتمل ایجنڈہ کو بھارت سمٹ نے منظوری دی ہے۔1