عدم تشدد ، سماجی انصاف و جمہوریت اہم موضوع دہشت گردی کے خلاف قرارداد، بھٹی وکرمارکا و اتم کمار ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 24 ۔ اپریل (سیاست نیوز) بھارت سمٹ کانکلیو کا کل 25 اپریل کو حیدرآباد میں آغاز ہوگا۔ دو روزہ اس کانکلیو میں 100 ممالک کے 450 مندوبین شرکت کریں گے جن کا تعلق مختلف سیاسی ، سماجی شعبہ جات سے رہے گا۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا اور وزیر سیول سپلائیز اتم کمار ریڈی نے آج ایچ آئی سی سی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بھارت سمٹ کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سمٹ کے ذریعہ حیدرآباد اور تلنگانہ کو دنیا کے روبرو بہتر انداز میں پروموٹ کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ عدم تشدد ، انصاف ، جمہوریت اور ستیہ گرہ کانگریس کے اصولوں میں شامل ہیں اور بھارت سمٹ کے اہم موضوعات رہیں گے۔ مندوبین میں مختلف پارٹیوں کے سربراہ، ارکان پارلیمنٹ ، وزراء ، سیاسی قائدین ، کارپوریٹ لیڈرس، فلاسفرس اور تھنکرس شامل رہیں گے۔ دو روزہ سمٹ کے دوران جملہ 8 سیشن رہیں گے جن کے موضوعات قومی اور بین الاقوامی رہیں گے۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ مندوبین کو تلنگانہ ویژن سے واقف کرایا جائے گا جس میں حکومت کے فلاحی اقدامات شامل رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ مہاتما گاندھی رورل ایمپلائیمنٹ گیارنٹی اسکیم کی تفصیلات سے مندوبین کو واقف کرایا جائے گا اور اندرا مہیلا شکتی بازار کا مندوبین معائنہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سمٹ میں دہشت گردی کے مسئلہ پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا اور پہلگام واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے قرارداد منظور کی جائے گی۔ مندوبین کل نکلس روڈ پر پہلگام واقعہ کے خلاف موم بتی ریالی میں شرکت کریں گے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر کے مطابق 15 سیاسی پارٹیوں اور مختلف ممالک کے 25 وزراء نے سمٹ میں شرکت سے اتفاق کیا ہے۔ سمٹ کے اختتام پر تلنگانہ ڈکلیریشن جاری کیا جائے گا جس میں دہشت گردی کی مذمت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعہ کے بعد کانگریس نے قومی سطح پر احتجاجی پروگرام طئے کہیں ہیں ، لہذا سمٹ میں راہول گاندھی کی شرکت کا فیصلہ صورتحال کے مطابق کیا جائے گا۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ تین ماہ قبل سے سمٹ کی تیاریوں کا آغاز ہوچکا ہے اور پہلگام واقعہ کے نتیجہ میں سمٹ کے دونوں ایام میں تفریحی پروگرام نہیں رہیں گے۔ مرکزی حکومت نے کیتھولک پوپ کے دیہانت پر سرکاری سوگ کا اعلان کیا ہے اور قومی سوگ کے مطابق ہی سمٹ کے پروگرام رہیں گے۔ حکومت کی اسکیمات اور کامیابیوں پر مبنی نمائش کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ دنیا کے اہم اداروں کے روبرو تلنگانہ حکومت کی سرگرمیوں کو پیش کرنے میں سمٹ مددگار ثابت ہوگا۔1