بھارت سمٹ کا حیدرآباد میں آغاز، مختلف عالمی موضوعات پر مباحث

   

سلمان خورشید و ڈگ وجئے سنگھ کی شرکت، تلنگانہ کی فلاحی اسکیمات سے واقف کرایا گیا، آج حیدرآباد ڈیکلریشن
حیدرآباد 25 اپریل (سیاست نیوز) حیدرآباد میں آج سے بھارت سمٹ کانکلیو کا آغاز ہوا جس میں دنیا کے 100 سے زائد ممالک کے 450 مندوبین حصہ لے رہے ہیں۔ انصاف، عالمی امن، عدم تشدد اور سرمایہ کاری جیسے موضوعات پر بھارت سمٹ میں مختلف موضوعاتی سیشنس منعقد کئے جائیں گے۔ بیرونی مندوبین کا حیدرآباد پہونچنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ کی قیادت میں پارٹی قائدین نے ایرپورٹ پر مندوبین کا استقبال کیا جہاں خصوصی طور پر استقبالیہ ڈیسک قائم کیا گیا ہے۔ 2 روز تک جاری رہنے والی اِس سمٹ میں کانگریس کے سرکردہ قائدین شرکت کریں گے اور ملک اور عالمی حالات پر تبادلہ خیال کریں گے۔ سمٹ میں راہول گاندھی کی شرکت کی توقع کی جارہی تھی لیکن راہول گاندھی پہلگام دہشت گرد حملے کے زخمیوں سے ملاقات کے لئے کشمیر روانہ ہوئے۔ سابق مرکزی وزیر پلم راجو، سابق وزیر قانون سلمان خورشید کے علاوہ سینئر کانگریس قائد اور سابق چیف منسٹر ڈگ وجئے سنگھ نے مختلف سیشنس سے خطاب کیا۔ مندوبین کو تلنگانہ کی کانگریس حکومت کی جانب سے عمل کی جارہی فلاحی اسکیمات کی تفصیلات سے واقف کرایا گیا۔ اِس سلسلہ میں خصوصی نمائش کا اہتمام کیا گیا تھا۔ تلنگانہ میں روایتی ہینڈلوم ویورس کی صنعت سے بھی غیر ملکی مندوبین کو واقف کرایا گیا۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ کے علاوہ، ریاستی وزراء اتم کمار ریڈی، ڈی سریدھر بابو، پونم پربھاکر، پی سرینواس ریڈی، رکن قانون ساز کونسل عامر علی خاں، رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر ملو روی اور رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو اور دیگر قائدین نے مختلف سیشنس میں حصہ لیا۔ بیرونی مندوبین نے عالمی امن کے علاوہ اقتصادی حالات اور دیگر اُمور پر سیر حاصل مباحث کئے۔ سمٹ کے دوسرے دن کل حیدرآباد ڈیکلریشن جاری کیا جائے گا جس میں دہشت گردی کی مذمت کی جائے گی۔ HICC میں جاری بھارت سمٹ میں پہونچنے والے مندوبین کا تلنگانہ کی روایتی تہذیب اور ثقافت کے مطابق استقبال کیا گیا۔ فنکاروں نے اپنے روایتی لباس میں بیرونی مندوبین کا استقبال کیا اور اپنے اپنے علاقوں کی تہذیبی وراثت کا مظاہرہ کیا۔1